ویب ڈیسک: بھارتی اداکارہ اور گلوکارہ شہناز گل نے پاکستانی ڈراموں کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ محبت، جذبات اور کہانی بیان کرنے کے انداز کے حوالے سے پاکستانی ڈرامے اپنی مثال آپ ہیں اور ان کا کوئی مقابلہ نہیں۔
ایک انٹرویو کے دوران شہناز گل نے اپنے پسندیدہ پاکستانی فنکاروں کا ذکر کرتے ہوئے ہانیہ عامر، بلال عباس خان اور فہد مصطفیٰ کے نام لیے اور ان کی اداکاری کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ڈراموں کی سب سے بڑی خوبی ان کی مضبوط کہانی، کرداروں کے درمیان فطری کیمسٹری اور جذبات کی مؤثر انداز میں عکاسی ہے، جو ناظرین کو ابتدا سے آخر تک اپنے ساتھ جوڑے رکھتی ہے۔
شہناز گل کے مطابق پاکستانی ڈراموں میں محبت کو نہایت سادہ، باوقار اور حقیقت سے قریب انداز میں پیش کیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہاں جسمانی قربت کے بجائے جذبات، احساسات اور کرداروں کے درمیان خاموش تعلق کو زیادہ اہمیت دی جاتی ہے، جو انہیں دیگر ڈراموں سے منفرد بناتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی ڈراموں میں محبت کے اظہار کے لیے کرداروں کا ایک دوسرے کو چھونا ضروری نہیں ہوتا، بلکہ صرف نظریں، مکالمے اور جذبات ہی ناظرین تک احساسات پہنچانے کے لیے کافی ہوتے ہیں۔ ان کے بقول یہی انداز پاکستانی ڈراموں کی اصل خوبصورتی اور کشش ہے۔
واضح رہے کہ شہناز گل کو ریئلٹی شو 'بگ باس 13' میں شرکت کے بعد ملک گیر شہرت حاصل ہوئی۔ بعد ازاں انہوں نے بالی ووڈ میں سلمان خان کی فلم "کسی کا بھائی کسی کی جان" سے ڈیبیو کیا، جبکہ وہ "تھینک یو فار کمنگ" سمیت دیگر فلموں میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔ اداکاری کے علاوہ شہناز گل گلوکاری اور معروف شخصیات کے انٹرویوز کی میزبانی بھی کرتی رہی ہیں۔