بابر اعظم کو کپتانی ملنے کے بعد شاہین آفریدی کا پہلا بڑا بیان آگیا

بابر اعظم کو کپتانی ملنے کے بعد شاہین آفریدی کا پہلا بڑا بیان آگیا

(ویب ڈیسک )قومی ٹیم کے سٹار باؤلر شاہین آفریدی نے کہا ہے کہ ٹیم کا کھلاڑی ہونے کے ناطے یہ میرا فرض ہے کہ میں اپنے کپتان بابر اعظم کی حمایت کروں۔

شاہین آفریدی کا کہنا ہے کہ  پاکستان قومی کرکٹ ٹیم کی کپتانی کرنا ایک اعزاز کی بات تھی،  میں ہمیشہ ان یادوں اور مواقع کو یاد رکھوں گا۔ انہوں نے کہا  کہ ٹیم کا کھلاڑی ہونے کے ناطے یہ میرا فرض ہے کہ میں اپنے کپتان بابر اعظم کی حمایت کروں۔  میں ان کی کپتانی میں کھیلا ہوں اور ان کے لیے احترام  موجود ہے۔

سٹار باؤلر کا کہنا تھا کہ  میں میدان کے اندر اور باہر بابر اعظم کی مدد کرنے کی کوشش کروں گا۔  ہم سب ایک ہیں،  ہمارا مقصد ایک ہی ہے اور وہ ہے پاکستان کو دنیا کی بہترین ٹیم بنانے میں مدد کرنا۔

بابر اعظم  کا کہنا ہے  کہ حالیہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شاہین کی قیادت میں کھیلنا خوشی کی بات ہے۔  شاہین ابھی  جوان ہیں اور ایک کھلاڑی اور لیڈر کے طور پر ہر روز بہتر ہو رہے ہیں۔  بحیثیت کپتان میں نے ہمیشہ شاہین کے مشوروں کی قدر کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں آگے بڑھتے ہوئے اہم فیصلوں کے لیے شاہین سے مشورہ کرتا رہوں گا۔  ہمیں کھیل کے بارے میں ان کی اسٹریٹجک سمجھ سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ ہمارا مشترکہ مقصد اس ٹیم کو دنیا کی بہترین ٹیم بنانا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی )  نے بابر اعظم کو وائٹ بال کرکٹ کا کپتان مقرر کردیا،   بابر اعظم  43 ون ڈے اور 71 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی قیادت کر چکے ہیں۔

اس حولاے سے پی سی بی کا کہنا ہے کہ   ایک اسٹریٹجک اقدام کے تحت  قیادت کو تبدیل کیا ہے۔   شاہین آفریدی نے بلاشبہ خود کو ایک اسٹار فاسٹ بولر  ثابت کیا ہے، پی سی بی شاہین کی بہترین کارکردگی کو برقرار رکھنے کے لیے روٹیشن اور آرام کی اہمیت کو سمجھتا ہے۔

  پی سی بی کے مطابق   فیصلہ کھلاڑیوں کے لمبے کریئر اور خاص کر فاسٹ بولرز کو انجریز سے بچانے کے ضمن میں بورڈ کے عزم سے مطابقت رکھتا ہے۔   بورڈ نہیں چاہتا کہ قومی  ٹیم بولنگ کے وسائل  کے حوالے سے انجریز کے بحران سے دوچار ہو۔

پی سی بی نے  کہا ہے کہ   کرکٹ بورڈ   شاہین آفریدی کی بطور کپتان ان کے کنٹری بیوشن پر ان کا شکریہ ادا کرتاہے، امید ہےکہ بابر اور شاہین دونوں ملکر پاکستانی ٹیم کو ٹاپ پر لے جانے میں اپنا موثر  کردار ادا کریں گے۔