ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران میں حکومت تبدیل ہو چکی ہے اور امریکا نئے رہنماؤں کے ساتھ مذاکرات کر رہا ہے۔
اپنے بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ جلد واضح ہو جائے گا کہ ایرانی اسپیکر قالیباف امریکا کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہیں یا نہیں، اس حوالے سے ایک ہفتے میں صورتحال سامنے آ جائے گی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران میں نئی قیادت سامنے آ چکی ہے اور امریکا انہی کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے، جبکہ ان کے بقول یہ نئے لوگ پہلے کے مقابلے میں زیادہ معقول ثابت ہو رہے ہیں۔
سپریم لیڈر سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے نئے سپریم لیڈر کے بارے میں کوئی واضح معلومات سامنے نہیں آئیں، تاہم ان کے بقول مجتبیٰ خامنہ ای زندہ ہیں لیکن ان کی حالت تشویشناک ہے۔
امریکی صدر نے خبردار کیا کہ اگر ایران کے ساتھ معاہدہ نہ ہوا اور آبنائے ہرمز جلد نہ کھولی گئی تو امریکا ایران کے بجلی گھروں، تیل کے کنوؤں اور پانی صاف کرنے والے پلانٹس سمیت دیگر اہم تنصیبات کو نشانہ بنا سکتا ہے، جنہیں اب تک دانستہ طور پر محفوظ رکھا گیا ہے۔