ویب ڈیسک: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے غیرقانونی طور پر پاکستانی شہریت حاصل کرنے والوں کو نیشنل ڈیٹا بیس سے خارج کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔
نادرا ہیڈکوارٹرز کے دورے کے دوران اجلاس میں چیئرمین نادرا نے ادارے کی کارکردگی اور جاری و آئندہ منصوبوں پر بریفنگ دی۔ وزیر داخلہ نے نادرا کی کارکردگی اور عوامی خدمات میں بہتری کو سراہتے ہوئے مزید اصلاحات پر زور دیا۔
محسن نقوی نے ہدایت کی کہ نادرا کے جدید دفاتر کرائے کی عمارتوں کے بجائے اپنی ملکیتی زمین پر قائم کیے جائیں، اور اس حوالے سے ماسٹر پلان بھی طلب کر لیا گیا ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہری سہولیات بہتر بنانے کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں، جن میں چہرے کی شناخت پر مبنی بائیو میٹرک نظام کے نفاذ کی تیاری بھی شامل ہے، جس کے لیے دیگر اداروں کے تعاون کی ضرورت ہے۔
مزید بتایا گیا کہ نادرا لاکھوں فوت شدہ افراد کے شناختی کارڈ منسوخ کر چکا ہے، جبکہ شناختی کارڈ سے متعلق مسائل کے حل کے لیے 30 دن کی مدت مقرر کی گئی ہے۔ پی ٹی اے کے تعاون سے فوت شدہ افراد کے نام پر رجسٹرڈ موبائل سمز بھی بلاک کی جا رہی ہیں۔