ویب ڈیسک: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ ڈکیتی کے دوران تاجر عامر اعوان کے قتل میں ملوث تمام ملزمان کو 24 گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا گیا ہے۔
آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ واقعے میں منصور خان گینگ ملوث ہے، جس کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے اور اس میں افغان شہری بھی شامل ہیں۔ گینگ کو مختلف علاقوں میں کارروائیاں کر کے گرفتار کیا گیا۔
طلال چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہے اور گزشتہ سال کے مقابلے میں سنگین جرائم میں 63 فیصد کمی آئی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ دارالحکومت کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے پہلا اسمارٹ سٹی بنایا جا رہا ہے۔
آئی جی اسلام آباد کے مطابق یہ ایک پیچیدہ کیس تھا جس کی تحقیقات کے لیے جدید ٹیکنالوجی، جیو فینسنگ اور ڈیٹا تجزیہ کا استعمال کیا گیا۔ 100 سے زائد افراد سے پوچھ گچھ اور مختلف شہروں میں چھاپوں کے بعد گینگ کے سرغنہ کو چارسدہ سے گرفتار کیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان واردات کے دوران مسلح تھے اور سیکیورٹی گارڈ سے اسلحہ اور موبائل فون بھی چھین کر فرار ہو گئے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری ایک بڑا چیلنج تھی، جسے کامیابی سے مکمل کیا گیا۔