ویب ڈیسک: وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے واضح کیا ہے کہ 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے سبسڈی بدستور جاری رہے گی اور اسے ختم کرنے کی خبریں بے بنیاد ہیں۔
وفاقی دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اویس لغاری نے کہا کہ حکومت 200 یونٹ یا اس سے کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو سبسڈی فراہم کر رہی ہے، جس کے تحت ان کے بجلی بلوں میں خصوصی رعایت شامل کی جاتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد 2 کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سبسڈی حاصل کرنے والے صارفین کے بلوں پر موجود کیو آر کوڈ کو اسکین کرکے متعلقہ معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں، جبکہ حکومت تمام صارفین کو اس نظام سے منسلک کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مستحق صارفین کو سبسڈی کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے پروٹیکٹڈ صارفین کی سبسڈی ختم کیے جانے کی خبروں کو حقائق کے منافی قرار دیا۔