کارساز ٹریفک حادثہ کیس کی مرکزی ملزمہ نتاشا کو بری کردیا

کارساز ٹریفک حادثہ کیس کی مرکزی ملزمہ نتاشا کو بری کردیا

ویب ڈیسک:  ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کراچی شرقی نے کارساز ٹریفک حادثہ کی ملزمہ نتاشہ بیگ کو بری کر دیا۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کراچی شرقی میں کارساز ٹریفک حادثہ کیس کی سماعت ہوئی ہے، متوفی کے اہل خانہ کی جانب سے صلح نامہ جمع کروانے کے بعد یہ پیش رفت سامنے آئی ہے۔

26 اکتوبر کو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کراچی شرقی کی عدالت میں کارساز حادثہ کیس میں متاثرین کے اہلخانہ نے عدالت میں حلف نامہ جمع کرایا تھا، سماعت کے دوران مرکزی ملزمہ نتاشا عدالت میں پیش ہوئی تھیں۔

حلف نامہ میں کہا گیا تھا کہ ہم اللہ کی رضا کے لیے نتاشا کو معاف کرتے ہیں،عدالت نے حلف ناموں کو ریکارڈ کا حصہ بناتے ہوئے سماعت 31 اکتوبر تک ملتوی کردی تھی۔

6 ستمبر کو کراچی کی مقامی عدالت نے کارساز حادثے کی ملزمہ نتاشا کی مرکزی مقدمے میں ایک لاکھ روپے کے عوض ضمانت منظور کی،اسی روز کارساز حادثہ کیس کی مرکزی ملزم نتاشا دانش اور جاں بحق ہونے والے دو افراد کے لواحقین کے درمیان معاہدہ ہوگیا تھا۔

 30 ستمبر کو سندھ ہائی کورٹ نے کارساز حادثے کی ملزمہ نتاشا کی منشیات کے مقدمے میں 10 لاکھ روپے کے عوض ضمانت منظور کی تھی۔

یاد رہے کہ 19 اگست کو کراچی میں کارساز روڈ پر تیز رفتار گاڑی بے قابو ہو کر راہ گیروں پر چڑھ دوڑی تھی، حادثے میں باپ بیٹی جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہوگئے تھے جبکہ پولیس نے گاڑی چلانے والی خاتون کو گرفتار کرلیا تھا۔

Watch Live Public News