ویب ڈیسک: گلگت بلتستان میں ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہو گیا جس کے نتیجے میں 2 پائلٹ سمیت 5 افراد شہید ہوگئے، ہیلی کاپٹر کے تباہ ہونے سے چند منٹ پہلے کی ویڈیو منظرعام پر آگئی۔
پاک فوج کے ہیلی کاپٹر کے ساتھ افسوسناک واقعہ پیش آیا، آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر ہڈر کے مقام پر فنی خرابی کی وجہ سے کریش ہوگیا، ہیلی کاپٹر حادثے میں پانچ افراد کی شہادت کی تصدیق ہوئی، شہدا میں 2 پائلٹ سمیت 5 افراد شامل ہیں۔
واقعے کی خبر ملتے ہی مقامی افراد سمیت ریسکیو ادارے ، 1122 ، فائر بریگیڈ ، پاک فوج اور پولیس اہلکار آگ بجھانے اور ریسکیو کے عمل میں شریک ہوئے،سوشل میڈیا پر ہیلی کاپٹر کے تباہ ہونے سے چند منٹ پہلے کی ویڈیو گردش کررہی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاک فوج کا ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر تربیتی پرواز کے دوران ہُڈور گاؤں کے قریب گر کر تباہ ہوگیا، حادثہ صبح تقریباً 10 بجے پیش آیا، ہیلی کاپٹر تھکداس کینٹونمنٹ سے تقریباً 12 کلومیٹر کے فاصلے پر کریش لینڈنگ کے بعد تباہ ہوا۔