بلوچستان میں  سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں 21 دہشتگر ہلاک،6 جوان شہید

بلوچستان میں  سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں 21 دہشتگر ہلاک،6 جوان شہید

(ویب ڈیسک ) بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 21 دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا جبکہ اس دوران 6 جوان بھی شہید ہوئے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں کی گئیں اس دوران 21 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔نوکچا، ضلع چاغی اور زیارات کراس، ضلع پشین میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کیے گئے، ہلاک دہشت گرد فتنہ الہندوستان ور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھتے تھے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے این 40 کوئٹہ تفتان شاہراہ پر ناکہ قائم کیا،جہاں وہ مسافروں سے بھتہ وصولی کے لیے ناکہ قائم کررہے تھے، سیکیورٹی فورسز نے وہاں کارروائی کرتے ہوئے 11 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا  کہ فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے کسٹمز ہاؤس پر حملہ کیا، سیکیورٹی  فورسز نے بھرپور جوابی کی اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 10 دہشت گرد جہنم واصل کردیے گئے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ کسٹمز ہاؤس پر حملہ دہشت گردی اور جرائم کے گٹھ جوڑ کی واضح مثال ہے، حملے کا مقصد کسٹمز حکام کو قانونی فرائض کی انجام دہی سے روکنا تھا، دہشت گرد علاقے میں مجرمانہ سرگرمیوں کے تسلسل کو یقینی بنانا چاہتے تھے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں 6 بہادر سپوتوں نے جام شہادت نوش کیا ہے جن میں 2 افسران اور محکمہ کسٹمز کا 1 اہلکار شامل ہے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ مادر وطن کے بہادر سپوتوں نے فرض کی ادائیگی کے دوران جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے، عزم استحکام کے دہشت گردی کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

Watch Live Public News