ویب ڈیسک: مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے باعث فلائٹ آپریشن اپریل کے دوسرے روز بھی بری طرح متاثر رہا، ملک کے مختلف ایئرپورٹس سے درجنوں پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
ذرائع کے مطابق سب سے زیادہ پروازیں اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے متاثر ہوئیں جبکہ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ دوسرے نمبر پر رہا۔ ملک کے پانچ بین الاقوامی ایئرپورٹس سے مشرق وسطیٰ کے مختلف شہروں کے لیے دو طرفہ 64 پروازیں منسوخ کی گئیں۔
منسوخ ہونے والی پروازوں میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز، ایئربلو، ایئر عربیہ، ایران ایئر اور قطر ایئرویز سمیت دیگر ایئرلائنز شامل ہیں۔
کراچی ایئرپورٹ سے ابوظہبی، جدہ، مشہد، شارجہ، مدینہ، دوحہ اور دبئی کے لیے دو طرفہ 18 پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ اسلام آباد ایئرپورٹ سے الفجیرہ، شارجہ، جدہ، ابوظہبی، تہران، دبئی، بحرین، ریاض اور دوحہ کی مجموعی طور پر 34 پروازیں منسوخ کی گئیں۔
اسی طرح علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دمام کے لیے دو طرفہ 2 پروازیں منسوخ ہوئیں، باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دمام، دبئی، دوحہ، شارجہ اور ابوظہبی کی 8 پروازیں جبکہ ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دبئی کی 2 پروازیں منسوخ کی گئیں۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق گزشتہ 33 دنوں کے دوران پاکستان سے مشرق وسطیٰ کے لیے منسوخ ہونے والی پروازوں کی مجموعی تعداد 2592 تک پہنچ گئی ہے، جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔