ویب ڈیسک: مانچسٹر میں پاکستان کے سابق کپتان اور اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے اعتراف کیا کہ سابق وزیراعظم اور کرکٹ لیجنڈ عمران خان ان کے لیے ہمیشہ سے رول ماڈل رہے ہیں اور انہوں نے ہی انہیں کرکٹ میں کامیابی حاصل کرنے کی ترغیب دی۔
شاہد آفریدی نے یہ بات شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کی جانب سے منعقدہ ایک خصوصی ڈنر کے موقع پر کہی، جو مانچسٹر میں کرکٹ اسٹارز کی موجودگی میں منعقد ہوا۔
آفریدی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’ 1989 یا 1990 سے عمران خان میرے ہیرو اور رول ماڈل ہیں۔ انہی کی شخصیت اور کرکٹنگ کیریئر سے متاثر ہو کر میں نے کرکٹ کا سفر شروع کیا، اور آج جو کچھ ہوں، اس میں ان کی تحریک کا بڑا کردار ہے۔
" اگر عمران خان میری زندگی میں نہ ہوتے تو شاید آج میں شاہد آفریدی نہ ہوتا! فاسٹ باولنگ شروع کی لیکن بعد میں پتہ چلا’وٹہ‘ مارتا ہوں۔تو پھر عبدالقادر کی وجہ سے لیگ سپن شروع کردی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نہ صرف ایک عظیم کرکٹر تھے بلکہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک رہنما اور مثال بھی ہیں۔ تقریب میں دیگر بین الاقوامی کرکٹ اسٹارز نے بھی آفریدی کے فلاحی کاموں کو سراہا اور شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کی سرگرمیوں کی تعریف کی۔