ویب ڈیسک: وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ نے کہا ہے کہ کوئی بھی فرد جو امریکا کی قومی سلامتی کے لیے خطرہ ثابت ہو، اسے ملک میں رہنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی اور اسے ملک بدر کیا جانا چاہیے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیرولین لیویٹ نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ ہفتے واشنگٹن ڈی سی میں ایک افغان شہری نے دہشتگرد حملہ کیا، جس کی درست جانچ پڑتال بائیڈن انتظامیہ کرنے میں ناکام رہی۔ ان کے مطابق صدر ٹرمپ افغانستان سے آنے والی درخواستوں کا ازسر نو جائزہ لے رہے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ بڑے پیمانے پر غیرملکیوں کو ملک سے نکالنے کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے دوبارہ اقتدار سنبھالنے کے بعد سرحدی سیکیورٹی کو مضبوط کیا اور افغانستان سمیت 19 ممالک پر سفری پابندیاں عائد کیں۔
کیرولین لیویٹ کے مطابق صدر کے اقدامات کے نتیجے میں غیر قانونی امیگریشن میں تاریخی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ صدر ٹرمپ کی طبی ایم آر آئی رپورٹ بالکل نارمل ہے جبکہ پیٹ ہیگسیتھ وینزویلا میں حالیہ حملوں سے متعلق امور پر کانگریس ارکان کو بریفنگ دے چکے ہیں۔