ویب ڈیسک: ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک نے حالیہ پوڈکاسٹ میں انکشاف کیا کہ ان کی شریکِ حیات، شیوان زیلس، بھارتی نژاد اور لے پالک ہیں۔
ایلون مسک نے بتایا کہ ان کے بیٹے کا مڈل نام ’شیکھر‘ ہے، جو بھارتی نژاد امریکی ماہرِ طبیعات اور نوبیل انعام یافتہ سبراہمین چندر شیکھر کے نام پر رکھا گیا ہے۔ مسک کے مطابق، شیوان زیلس کینیڈا میں پلی بڑھیں اور بچپن میں انہیں گود لے لیا گیا تھا، جبکہ ان کے والد کے بارے میں یہ معلومات ہیں کہ وہ بھارت سے کینیڈا کی کسی یونیورسٹی میں بطور طالب علم آئے تھے۔
شیوان زیلس 2017 میں ایلون مسک کی کمپنی نیورالنک میں شامل ہوئیں اور اس وقت ڈائریکٹر آف آپریشنز اور اسپیشل پروجیکٹس کے طور پر کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے ییل یونیورسٹی سے اکنامکس اور فلاسفی میں ڈگری حاصل کی ہے۔
ایلون مسک اور شیوان زیلس کے چار بچے ہیں، جن میں جڑواں بیٹے اسٹرائیڈر اور ازورے، بیٹی آرکاڈیا اور بیٹا سیلڈن لائکورگس شامل ہیں۔
ایک اور اہم بات کرتے ہوئے ایلون مسک نے بھارتی کاروباری شخصیت نکھل کامتھ کی پوڈکاسٹ ’کامتھ‘ میں کہا کہ امریکا کو بیرونِ ملک سے آنے والے ٹیلنٹ سے ہمیشہ فائدہ پہنچا ہے، مگر اب یہ رجحان کم ہوتا جا رہا ہے۔ مسک کے مطابق، سخت امریکی ویزا پالیسیوں اور غیر یقینی حالات کی وجہ سے بڑی تعداد میں امیگریشن کے خواہشمند افراد کے لیے امریکا کا ویزا حاصل کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔