(ویب ڈیسک ) دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کی دولت میں 1 سال کے دوران 320 ارب ڈالرز کا اضافہ ہوا ہے۔
مالیاتی تجزیہ کرنے والے ادارے بیسٹ بروکرز کی رپورٹ کے مطابق یہ اعداد و شمار فوربز کی حقیقی وقت میں جاری ہونے والی ارب پتی افراد کی فہرست کی بنیاد پر مرتب کیے گئے ہیں۔
محققین کی جانب سے 27 جولائی 2025ء اور 27 جولائی 2026ء کو دنیا کے امیر ترین افراد کی اندازاً دولت کا موازنہ کر کے 1 سال کے دوران دولت میں ہونے والی تبدیلی کا جائزہ لیا گیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 1 سال میں مصنوعی ذہانت اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں تیزی کے باعث ٹیکنالوجی سے وابستہ ارب پتی افراد کی دولت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
ایلون مسک کی دولت میں 1 سال کے دوران 320 ارب ڈالرز کا اضافہ ہوا، ایلون مسک کے بعد ڈیل ٹیکنالوجیز کے بانی اور سربراہ مائیکل ڈیل کی دولت میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا ، انہوں نے اس عرصے میں 107.6 ارب ڈالرز کمائے۔
رپورٹ کے مطابق مصنوعی ذہانت(اے آئی) کے شعبے میں تیزی کا سب سے نمایاں اثر ڈیپ سیک کے بانی لیانگ وین فینگ کی دولت پر پڑا جو 2025ء میں 1 ارب ڈالرز سے بڑھ کر 2026ء میں 39.5 ارب ڈالرز ہو گئی،جس کے بعد وہ دنیا کے 50 امیر ترین افراد میں شامل ہو گئے ہیں ۔
رپورٹ کے مطابق ایلون مسک مئی 2024ء سے دنیا کے امیر ترین شخص ہیں اور 2021ء میں پہلی بار فوربز کی ارب پتی فہرست میں شامل ہونے کے بعد سے دولت کے نئے ریکارڈ قائم کرتے رہے ہیں۔