مالی سال 27-2026 کے وفاقی بجٹ تاخیر کا شکار ہونے کی چار بڑی وجوہات سامنے آگئیں

مالی سال 27-2026 کے وفاقی بجٹ تاخیر کا شکار ہونے کی چار بڑی وجوہات سامنے آگئیں

(ویب ڈیسک ) ذرائع کے مطابق نئے مالی سال کا وفاقی بجٹ تاخیر کا شکار ہے، حکومت بجٹ پیش کرنے کے لئے تیار نہیں۔

تفصیلات کے مطابق مالی سال 27-2026 کے وفاقی بجٹ تاخیر کا شکار ہونے کی چار بڑی وجوہات سامنے آگئیں۔

ذرائع وفاقی حکومت کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نئے مالی سال کے ترقیاتی پلان، بجٹ خدو خال سے نالاں ہیں ۔وزیراعظم شہباز شریف نے ترقیاتی بجٹ، عوامی ریلیف اور ترقیاتی پلان پر نظر ثانی کا حکم دے دیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ترقیاتی بجٹ کے حوالے سے وزیراعظم ہاؤس میں آج بھی اہم اجلاس ہوا،وزیراعظم اور کابینہ عوامی مشکلات اور دباؤ کے باعث تذبذب کا شکار ہیں ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں تبدیلی بھی بجٹ میں تاخیر کا سبب بن گئی،وفاقی حکومت فنانس بل کے ذریعے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو صوبوں کے حوالے کرنا چاہتی ہے جبکہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی فنڈنگ اور تنظم نو کے حوالے سے پیپلز پارٹی معترض ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت کے آئی ایم ایف کے ساتھ نئے ٹیکسز کے نفاذ اور سبسڈی پروگرام پر مذاکرات اب بھی جاری ہیں،حکومت آئی ایم ایف کو عوامی ریلیف پر قائل کرنا چاہتی ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے معاشی ٹیم کو نئے بجٹ میں عوامی ریلیف کو مقدم رکھنے کی ہدایت کر دی۔

ذرائع کایہ بھی کہنا ہے کہ ترقیاتی منصوبہ جات کی ترجیحات، وزیراعظم اور کابینہ اراکین کی حالیہ مصروفیات بھی بجٹ میں تاخیر کا سبب ہے۔

Watch Live Public News