"مریم کو بتائیں" پروگرام کے تحت ہزاروں شہریوں کو 10 ہزار روپے کی امدادی رقم موصول

کیپشن: "مریم کو بتائیں" پروگرام کے تحت ہزاروں شہریوں کو 10 ہزار روپے کی امدادی رقم موصول

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت شروع کیے گئے مالی معاونت پروگرام " مریم کو بتائیں" نے مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کر دیے ہیں، جس کے تحت ہزاروں اہل شہریوں کو جاز کیش موبائل والٹس پر 10,000 روپے موصول ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق اس پروگرام کے آغاز کے محض 10 دنوں میں 11 لاکھ سے زائد افراد نے رجسٹریشن کروا لی، اور ہزاروں مستحق افراد کو 10,000 روپے کی امدادی رقم براہِ راست ان کے جاز کیش والٹس میں منتقل کی جانے لگی ہے۔

چیئرپرسن 1000 ہیلپ لائن اور وزیراعلیٰ کمپلینٹ سیل، صائمہ فاروق نے کہا کہ عوام کا اس پروگرام پر اعتماد شاندار رہا ہے۔ 9.1 لاکھ افراد نے "Maryam Ko Batayn" ایپ کے ذریعے رجسٹریشن کی، 1.4 لاکھ افراد نے ہیلپ لائن "1000" کا استعمال کیا، جبکہ 50,000 افراد نے ویب پورٹل پر رجسٹر ہو کر اپنی جگہ پکی کی۔

انہوں نے بتایا کہ ہیلپ لائن پر 18 لاکھ کالز کی کوشش کی گئی، جو کہ 500 کالز فی سیکنڈ بنتی ہیں، اور یہ کسی بھی حکومتی ہیلپ لائن کے لیے عوامی دلچسپی کا نیا ریکارڈ ہے۔

اہلیت اور طریقہ کار:
صائمہ فاروق نے وضاحت کی کہ یہ پروگرام مکمل طور پر شفاف اور سائنسی طریقہ کار پر مبنی ہے، جو PSER ڈیٹا (PMT اسکورنگ) پر انحصار کرتا ہے۔ وہ افراد جو پہلے سے رمضان نگہبان، راشن کارڈ، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام یا وزیراعظم رمضان ریلیف سے مستفید ہو رہے ہیں، وہ اس پروگرام میں شامل نہیں ہو سکتے۔

چیئرپرسن نے کہا کہ مستحق افراد کو جاز کیش سے 10,000 روپے کا پیغام موصول ہونے پر اپنے اصل شناختی کارڈ کے ساتھ رقم وصول کرنی ہوگی۔ دھوکہ دہی سے بچنے کے لیے، پروگرام میں ڈیجیٹل ویریفکیشن اور ویلتھ فلٹر کا نظام موجود ہے، جس کے تحت کیش ٹرانسفر بغیر کسی انسانی مداخلت کے براہِ راست کیا جاتا ہے۔

رابطے کے ذرائع:
پروگرام کے تحت مستحق شہریوں تک پہنچنے کے لیے تین ذرائع فراہم کیے گئے ہیں:

1. موبائل ایپ: "Maryam Ko Batayn" ایپ پلے اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کریں
2. ویب پورٹل: [mkb.punjab.gov.pk](http://mkb.punjab.gov.pk)
3. ہیلپ لائن: 1000 پر کال کریں

صائمہ فاروق نے عوام سے درخواست کی کہ ہیلپ لائن کی عارضی مصروفیت کے پیش نظر، وہ اپریل تک رجسٹریشن کے لیے ایپ اور ویب پورٹل کا استعمال کریں تاکہ سسٹم پر بوجھ کم ہو سکے۔

Watch Live Public News