ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دو معروف پبلک میڈیا اداروں، این پی آر اور پی بی ایس، کو " متعصب" قرار دیتے ہوئے ان کی وفاقی مالی امداد روکنے کے لیے ایک اہم ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کر دیے ہیں۔
تفصیلا ت کے مطابق کارپوریشن فار پبلک براڈکاسٹنگ (CPB) کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ این پی آر اور پی بی ایس کو فراہم کی جانے والی براہ راست فنڈنگ قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ختم کرے۔ اس کے ساتھ ساتھ CPB سے کہا گیا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ دیگر پبلک ریڈیو اور ٹی وی اسٹیشنز یا فنڈنگ حاصل کرنے والے ادارے بھی ان دونوں اداروں کو وفاقی رقم منتقل نہ کریں۔
ایگزیکٹو آرڈر کے تحت تمام وفاقی ایجنسیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایسی کسی بھی مالی امداد کی نشاندہی کریں جو ان اداروں کو دی جا رہی ہو، اور اسے فوری طور پر بند کر دیں۔
سی پی بی کا سالانہ بجٹ تقریباً 535 ملین ڈالر ہے، جس کا 70 فیصد براہ راست مقامی عوامی میڈیا اسٹیشنز کو گرانٹس کی صورت میں دیا جاتا ہے۔ جبکہ این پی آر کا کہنا ہے کہ اسے سالانہ تقریباً ایک فیصد فنڈنگ CPB یا دیگر وفاقی اداروں سے گرانٹ کی شکل میں ملتی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ڈونلڈ ٹرمپ نے ریپبلکن رہنماؤں پر زور دیا تھا کہ وہ پی بی ایس اور این پی آر جیسے اداروں سے مکمل لاتعلقی اختیار کریں، جنہیں انہوں نے "انتہائی بائیں بازو کے پروپیگنڈا پلیٹ فارمز" قرار دیا۔