ویب ڈیسک: ایپل کے نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر ( سی ای او) جان ٹرنَس کے معاوضے کی تفصیلات سامنے آگئیں، جن کے مطابق ان کا سالانہ ہدفی معاوضہ تقریباً 58 ملین ڈالر مقرر کیا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق جان ٹرنَس کی سالانہ بنیادی تنخواہ 3 ملین ڈالر ہوگی، جبکہ ان کے معاوضے میں تقریباً 55 ملین ڈالر کے اسٹاک ایوارڈز بھی شامل ہیں۔ مالی سال 2026 کے لیے انہیں مزید 2.5 ملین ڈالر مالیت کے محدود اسٹاک یونٹس دیے جائیں گے۔
ٹرنَس کے اسٹاک پیکیج کا 75 فیصد کارکردگی سے منسلک ہوگا، جس کا انحصار ایپل کے حصص کی کارکردگی پر ہوگا، جبکہ باقی 25 فیصد اسٹاک یونٹس چار سال کے دوران مرحلہ وار جاری کیے جائیں گے۔
دوسری جانب سابق سی ای او ٹم کک اب ایگزیکٹو چیئرمین کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے۔ انہیں سالانہ 2 ملین ڈالر تنخواہ جبکہ مالی سال 2027 کے لیے 45 ملین ڈالر کے اسٹاک ایوارڈز دیے جائیں گے، یوں ان کا ہدفی سالانہ معاوضہ تقریباً 47 ملین ڈالر بنتا ہے۔
ٹم کک کے نئے اسٹاک پیکیج کا 50 فیصد کمپنی کی کارکردگی سے منسلک ہوگا، جبکہ باقی 50 فیصد وقت کی بنیاد پر جاری ہونے والے اسٹاک یونٹس پر مشتمل ہوگا۔
2025 میں بطور سی ای او ٹم کک کو مجموعی طور پر 74.3 ملین ڈالر معاوضہ ملا تھا، جس میں 3 ملین ڈالر بنیادی تنخواہ، 12 ملین ڈالر نقد بونس اور تقریباً 57.5 ملین ڈالر کے اسٹاک ایوارڈز شامل تھے۔
جان ٹرنَس نے یکم ستمبر 2026 کو ایپل کے سی ای او کا عہدہ سنبھالا ہے، جبکہ ٹم کک ایگزیکٹو چیئرمین کی حیثیت سے کمپنی کے ساتھ وابستہ رہیں گے۔