عمران خان ہٹلر کا پیروکار ہے ، احسن اقبال

عمران خان ہٹلر کا پیروکار ہے ، احسن اقبال
اسلام آباد:وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ عمران خان ہٹلر کا پیروکار ہے ، فارن فنڈنگ کے ذریعے سی پیک کے منصوبوں کو تباہ کرنے کی کوشش کی گئی، عمران خان بھارتی شہریوں سے فنڈنگ لیتے رہے ، ہم نے پاکستان کو ترقی اور استحکام کے راستے پر ڈالا ہے . احسن اقبال نے کہا یکم اپریل کو پاکستان کا خزانہ خالی ہو چکا تھا، ہم نے سیاست کی بجائے ملک بچانے کو ترجیح دی، اگر ہم الیکشن میں چلے جاتے تو ملک میں غیر یقینی کی صورتحال پیدا ہو جاتی، ہم نے حکومت میں آتے ہی مشکل فیصلے کیے، معیشت کو بچانے کے لئے پٹرول کی قیمت کوبڑھانا ضروری تھا، وزیر اعظم کی قیادت میں پوری ٹیم کی محنت سے ملک معاشی بحالی کی طرف گامزن ہے، ہم نے اپنی کچھ سیٹوں کی قربانی دی لیکن 22 کروڑ لوگوں کا مستقبل بچایا ہے. احسن اقبال نے کہا آج جو ملک میں مہنگائی ہے وہ عمران خان کی وجہ سے ہے، عمران خان جواب دے کہ وہ آئی ایم ایف سے ایسا معاہدہ کیوں کر کے گیا، عمران خان نے خیرات کے پیسے کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کیا، عمران خان پر ثابت ہو گیا کہ انہوں نے جھوٹے حلف نامے جمع کروائے. انہوں نے مزید کہا ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونیوالے فوجی جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، ہماری افواج نے ہمیشہ مشکل وقت میں عوام کا ساتھ دیا. احسن اقبال نے کہا پچھلے 4 سالوں میں تمام منصوبوں کو التوا میں رکھا گیا، اسلام آباد میٹرو بس کو4سالوں میں نہیں چلایا گیا، پی ٹی آئی حکومت کے پاس کوئی اقتصادی منصوبہ بندی نہیں تھی، الیکشن کمیشن کے فیصلے پر تمام کارروائی آئین اور قانون کے مطابق ہو گی، ہم کوئی بھی انتقامی کاروائی نہیں کریں گے، الیکشن اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے ، عمران خان نے پاکستان کے آئین اورقانون کی خلاف ورزی کی ہے .
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔