امریکا سے مذاکرات نہیں ہو رہے، ایران نے خبروں کی تردید کر دی

امریکا سے مذاکرات نہیں ہو رہے، ایران نے خبروں کی تردید کر دی
کیپشن: امریکا سے مذاکرات نہیں ہو رہے، ایران نے خبروں کی تردید کر دی

ویب ڈیسک: ایران نے امریکا کے ساتھ جاری مذاکرات سے متعلق میڈیا رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان اس وقت کسی قسم کی بات چیت نہیں ہو رہی۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ ایران اس وقت امریکا کے ساتھ مذاکرات میں مصروف نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب تک امریکا کی جانب سے خلاف ورزیاں جاری رہیں گی، آبنائے ہرمز کی صورتحال میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔

اسماعیل بقائی کے مطابق ایران اور عمان کے درمیان گزشتہ سات سے آٹھ روز سے مذاکرات جاری ہیں، جن میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ عمان کے ساتھ ہونے والی مشاورت کا مقصد آبنائے ہرمز کے ذریعے محفوظ بحری آمدورفت کو یقینی بنانا اور اس اہم آبی گزرگاہ سے متعلق انتظامی امور پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔

ترجمان ایرانی وزارت خارجہ نے کہا کہ بعض میڈیا اداروں میں ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات سے متعلق خبریں گردش کر رہی ہیں، تاہم ان میں کوئی صداقت نہیں۔ ان کے بقول، تہران کی موجودہ توجہ صرف عمان کے ساتھ جاری مشاورت پر مرکوز ہے۔

Watch Live Public News