ویب ڈیسک: بسنت میلے کی تیاریوں کے پیش نظر شہریوں کی خریداری جاری رہنے کے باعث لاہور میں پتنگ اور دھاگے کی فروخت دوسرے روز بھی عروج پر رہی، جس سے مارکیٹ میں غیرمعمولی اضافہ دیکھا گیا۔
کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن کے قانونی مشیر کے مطابق، دوسرے دن صرف فروخت کا حجم 18 کروڑ روپے سے تجاوز کر گیا، جبکہ پہلے دن 16 کروڑ روپے سے زائد کی پتنگیں اور پنے فروخت ہوئے۔ اس طرح دو دن کے دوران مجموعی فروخت 32 کروڑ روپے سے زائد رہی۔
ایسوسی ایشن کے نمائندے ملک فیضان احمد نے بتایا کہ دوسرے دن مارکیٹوں میں 6 لاکھ سے زائد پتنگیں فروخت ہوئیں، جبکہ 15,000 سے زائد پنےبھی بک گئے۔
قیمتوں کے حوالے سے، ڈیڑھ تاوا پتنگ تقریباً 700 روپے میں فروخت ہو رہی ہے، ایک تاوا پتنگ 350 روپے اور آدھ تاوا پتنگ 200 روپے میں مل رہی ہے۔
دو پیس کا پنا 7,000 سے 8,000 روپے میں فروخت ہو رہا ہے، جبکہ چار پیس پنےکی قیمت 12,000 سے 15,000 روپے کے درمیان ہے، جو مارکیٹ میں غیر معمولی سرگرمی کی عکاسی کرتا ہے۔