ایپل کے پہلے فولڈ ایبل آئی فون کی خصوصیات سامنے آگئیں

ایپل کے پہلے فولڈ ایبل آئی فون کی خصوصیات سامنے آگئیں
کیپشن: ایپل کے پہلے فولڈ ایبل آئی فون کی خصوصیات سامنے آگئیں

ویب ڈیسک: ایپل کی جانب سے رواں سال کسی وقت فولڈ ایبل آئی فون متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔ ایک نئی لیک میں اس کا ڈیزائن اور دیگر تفصیلات سامنے آئی ہیں۔

میک ریومرز کی رپورٹ کے مطابق، اس فولڈ ایبل آئی فون کا کیمرا ڈیزائن آئی فون ایئر سے مشابہ ہوگا، تاہم یہ مکمل بلیک ہوگا اور اس میں 2 کیمرے، ایک مائیکروفون اور فلیش شامل ہوں گے۔ فون کا ڈیزائن آئی پیڈ پرو سے ملتا جلتا ہوگا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بٹنوں کو روایتی آئی فونز سے مختلف طریقے سے نصب کیا جائے گا۔ والیوم بٹن کو آئی پیڈ منی کی طرح اوپری دائیں کونے میں رکھا جائے گا، جبکہ ٹچ آئی ڈی پاور بٹن میں ضم ہوگی۔ کیمرا کنٹرول بٹن دائیں کونے پر ہوگا، اور بائیں جانب کوئی بٹن نہیں ہوگا تاکہ فولڈ اور ان فولڈ کرنے میں آسانی ہو۔

فرنٹ کیمرا چھوٹے ڈائنامک آئی لینڈ ڈیزائن میں ہوگا، جبکہ فیس آئی ڈی کو ڈیوائس میں شامل نہیں کیا جائے گا، جو اسے دیگر فولڈ ایبل فونز سے مختلف بناتا ہے۔

اس فولڈ ایبل آئی فون میں 7.8 انچ ڈسپلے ہوگا جب کھولا جائے گا، اور بند کرنے پر 5.5 انچ اسکرین نظر آئے گی۔ فون میں اے 20 پرو چپ اور 5500 ایم اے ایچ بیٹری دی جائے گی۔ یہ فون ستمبر 2026 میں آئی فون 18 پرو ماڈلز کے ساتھ متعارف کرایا جائے گا اور اس کی قیمت 2400 ڈالرز سے شروع ہوگی۔

رپورٹس کے مطابق، ایپل ایک فلپ اسٹائل آئی فون کی تیاری پر بھی کام کر رہا ہے۔

Watch Live Public News