وینزویلا کا متعدد امریکی شہریوں کو حراست میں لیے جانے کا انکشاف

وینزویلا کا متعدد امریکی شہریوں کو حراست میں لیے جانے کا انکشاف
کیپشن: وینزویلا کا متعدد امریکی شہریوں کو حراست میں لیے جانے کا انکشاف

ویب ڈیسک: امریکا اور وینزویلا کے درمیان تعلقات ایک بار پھر شدید تناؤ کا شکار ہو گئے ہیں، جب وینزویلا کی جانب سے متعدد امریکی شہریوں کو حراست میں لیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کم از کم پانچ امریکی شہری اس وقت وینزویلا کی تحویل میں ہیں، جس کے بعد واشنگٹن اور کاراکاس کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ حراست میں لیے گئے افراد کی شناخت اور ان کی گرفتاری کے حالات سے متعلق معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔ امریکی حکام نے تصدیق کی ہے کہ گرفتار امریکی شہریوں کے کیسز کی مکمل چھان بین کی جا رہی ہے اور یہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ انہیں کن الزامات کے تحت اور کن حالات میں حراست میں لیا گیا۔

واشنگٹن کا مؤقف ہے کہ وینزویلا ماضی میں بھی امریکی شہریوں کو سیاسی دباؤ کے لیے استعمال کرتا رہا ہے اور حالیہ گرفتاریاں بھی اسی پالیسی کا تسلسل ہو سکتی ہیں۔ امریکی حکام نے الزام عائد کیا ہے کہ وینزویلا امریکا پر دباؤ بڑھانے کے لیے امریکی شہریوں کو بطور ہتھیار استعمال کر رہا ہے۔

دوسری جانب وینزویلا کے صدر نکولس مادورو نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کا ملک امریکا کے ساتھ بات چیت اور تعاون کے لیے تیار ہے، تاہم انہوں نے حالیہ مبینہ امریکی حملے سے متعلق سوال کا براہِ راست جواب دینے سے گریز کیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر نکولس مادورو کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب وینزویلا کو گزشتہ چند ہفتوں کے دوران امریکی فوجی دباؤ کا سامنا رہا ہے۔ رپورٹس کے مطابق ریاستی ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں صدر مادورو نے کہا کہ وینزویلا منشیات کی اسمگلنگ، تیل اور ہجرت جیسے اہم معاملات پر امریکا کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہے۔

ماہرین کے مطابق حالیہ پیش رفت سے دونوں ممالک کے درمیان پہلے سے کشیدہ تعلقات میں مزید پیچیدگیاں پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

Watch Live Public News