پنجاب میں شواہد پر مبنی جدید ٹریفک چالاننگ نظام نافذ، ہر چالان کے ساتھ ویڈیو اور تصاویر بھی دستیاب ہوں گی

پنجاب میں شواہد پر مبنی جدید ٹریفک چالاننگ نظام نافذ، ہر چالان کے ساتھ ویڈیو اور تصاویر بھی دستیاب ہوں گی
کیپشن: پنجاب میں شواہد پر مبنی جدید ٹریفک چالاننگ نظام نافذ، ہر چالان کے ساتھ ویڈیو اور تصاویر بھی دستیاب ہوں گی

ویب ڈیسک: پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں شواہد پر مبنی جدید ٹریفک چالاننگ نظام کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت اب ہر ٹریفک چالان ویڈیو اور تصاویر سمیت قابلِ تصدیق شواہد کے ساتھ جاری کیا جائے گا۔

ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر شہریوں کو 8070 سے الرٹ ایس ایم ایس موصول ہوگا، جس میں خلاف ورزی کے ثبوت پر مشتمل ایک لنک بھی شامل ہوگا۔ شہری اس لنک کے ذریعے اپنی مبینہ خلاف ورزی کی ویڈیو اور تصاویر دیکھ سکیں گے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ صوبہ بھر میں ٹریفک پولیس ون ایپ کے ذریعے شواہد کے ساتھ چالان جاری کیے جائیں گے۔ وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر متعارف کرائے گئے اس نظام کا مقصد چالاننگ کے عمل کو مزید شفاف، منصفانہ اور عوام دوست بنانا ہے۔

ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کے مطابق نئے نظام سے شہریوں اور ٹریفک اہلکاروں کے درمیان غیر ضروری بحث و تکرار میں نمایاں کمی آئے گی، دونوں کا وقت بچے گا اور چالان ادا نہ کرنے والوں کے خلاف مؤثر اور ثبوت پر مبنی قانونی کارروائی بھی ممکن ہو سکے گی۔

انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ٹریفک پولیس کی خدمات کو مزید مؤثر اور شفاف بنایا جا رہا ہے، جبکہ شواہد پر مبنی چالاننگ نظام قانون پر یکساں عمل درآمد اور شہریوں کے اعتماد میں اضافے کی جانب ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔

Watch Live Public News