ویب ڈیسک: بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے داناسر میں پیش آنے والے خوفناک ٹریفک حادثے میں کوئٹہ سے پشاور جانے والی مسافر بس گہری کھائی میں گر گئی، جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 40 افراد جاں بحق جبکہ متعددزخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق حادثہ داناسر کے علاقے میں اس وقت پیش آیا جب کوئٹہ سے پشاور جانے والی مسافر بس مبینہ طور پر بریک فیل ہونے کے باعث بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے لاشوں اور زخمیوں کو کھائی سے نکال کر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) اسپتال ژوب منتقل کیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جبکہ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں حادثے کی ممکنہ وجہ بس کے بریک فیل ہونا سامنے آئی ہے، تاہم واقعے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔