کاہنہ سانحہ: پنجاب بھر میں غیر رجسٹرڈ ٹیوشن سینٹرز کیخلاف کریک ڈاؤن

کاہنہ سانحہ: پنجاب بھر میں غیر رجسٹرڈ ٹیوشن سینٹرز کیخلاف کریک ڈاؤن
کیپشن: کاہنہ سانحہ: پنجاب بھر میں غیر رجسٹرڈ ٹیوشن سینٹرز کیخلاف کریک ڈاؤن

ویب ڈیسک: کاہنہ سانحے میں 14 بچوں کے جاں بحق ہونے کے بعد محکمہ تعلیم پنجاب اور ضلعی انتظامیہ نے غیر رجسٹرڈ ٹیوشن سینٹرز اور اکیڈمیز کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر نے کہا ہے کہ لاہور میں قائم 760 ٹیوشن سینٹرز اور اکیڈمیز کو آج سے سیل کیا جا رہا ہے، جبکہ پنجاب بھر میں بھی غیر رجسٹرڈ اکیڈمیز اور ٹیوشن سینٹرز کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئندہ صرف وہی اکیڈمیز اور ٹیوشن سینٹرز کام کر سکیں گے جو باقاعدہ رجسٹرڈ ہوں گے اور جن کے پاس عمارت کا فٹنس سرٹیفکیٹ موجود ہوگا۔

رانا سکندر کا کہنا تھا کہ پنجاب میں بڑی تعداد میں نجی تعلیمی ادارے اور ٹیوشن سینٹرز مطلوبہ رجسٹریشن اور حفاظتی تقاضے پورے کیے بغیر کام کر رہے ہیں، جن کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی تاکہ طلبہ کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

واضح رہے کہ تین روز قبل لاہور کے علاقے کاہنہ میں ایک ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے 14 بچے جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے تھے۔ اس واقعے کے ایک روز بعد باغبان پورہ میں بھی ایک اسکول کی چھت گرنے سے ایک طالب علم جان کی بازی ہار گیا جبکہ کئی بچے زخمی ہوئے۔

پے در پے پیش آنے والے ان واقعات کے بعد محکمہ تعلیم نے لاہور میں نجی ٹیوشن سینٹرز کی رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا ہے، جبکہ حکام نے تین روز کے اندر رجسٹریشن مکمل کرنے اور حفاظتی معیارات پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی ہے۔

Watch Live Public News