ایشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستان کیلئے80 کروڑ ڈالر کے پیکج کی منظوری

ایشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستان کیلئے80 کروڑ ڈالر کے پیکج کی منظوری
کیپشن: ایشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستان کیلئے80 کروڑ ڈالر کے پیکج کی منظوری

ویب ڈیسک: ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) نے بھارت کے اعتراضات کو نظرانداز کرتے ہوئے پاکستان کے لیے 800 ملین ڈالر کے مالیاتی پیکج کی منظوری دے دی ہے۔ اس اہم فیصلے کے تحت پاکستان کو 300 ملین ڈالر کا پالیسی قرض جبکہ 500 ملین ڈالر کی گارنٹی فراہم کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق بینک کے بورڈ اجلاس کی تاریخ میں تبدیلی کی گئی اور یہ اجلاس 28 مئی کے بجائے 3 جون کو منعقد ہوا۔ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی نور احمد نے کی، جنہوں نے بھارت پر دہشت گردی کی مالی معاونت کے الزامات عائد کرتے ہوئے بھارتی موقف کو مسترد کیا۔

ذرائع کے مطابق، اے ڈی بی کی طرف سے دی جانے والی 500 ملین ڈالر کی گارنٹی سے پاکستان عالمی مارکیٹ سے 1.5 ارب ڈالر کے اضافی غیر ملکی قرض حاصل کرنے کے قابل ہو جائے گا۔ یہ پیکج ترقیاتی منصوبوں کے لیے نہیں بلکہ ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

دوسری جانب، بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی فِچ کی جانب سے معمولی ایڈجسٹمنٹ کے باوجود پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ B- پر برقرار رکھی گئی ہے، جو اس بات کا اشارہ ہے کہ پاکستان مالی دباؤ کے باوجود اپنی پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہا ہے۔

Watch Live Public News