ویب ڈیسک: پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں ویپ (الیکٹرانک سگریٹ) کی خرید و فروخت پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ فیصلہ صوبائی کابینہ کی منظوری کے بعد کیا گیا، جس کے تحت تمام ویپنگ سینٹرز کو فوری طور پر بند کرنے کا حکم جاری کر دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور میں کابینہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اس اقدام کا اعلان کیا، انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں ویپنگ کا بڑھتا ہوا رجحان ان کی صحت کے لیے سنگین خطرہ بن چکا ہے اور اسے روکنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
وزیراعلیٰ نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ لاہور سمیت پورے پنجاب میں ویپنگ سینٹرز کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ویپ کے آزادانہ استعمال سے نوجوان نسل نشے کی عادت میں مبتلا ہو رہی ہے، جو ان کی جسمانی اور ذہنی صحت پر مضر اثرات ڈال رہی ہے۔
حکومتی ترجمان کے مطابق، یہ اقدام عوامی صحت کے تحفظ اور نوجوانوں کو نشے جیسے رجحانات سے دور رکھنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ تمام ضلعی افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس پابندی پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور خلاف ورزی کرنے والے تمام غیر قانونی ویپنگ مراکز کے خلاف فوری کارروائی کریں۔
ماہرین صحت نے حکومت کے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اس سے نوجوانوں میں صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ ملے گا۔