قشم پر امریکی حملے کے بعد ایران کا جوابی وار، خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی

قشم پر امریکی حملے کے بعد ایران کا جوابی وار، خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی
کیپشن: قشم پر امریکی حملے کے بعد ایران کا جوابی وار، خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی

ویب ڈیسک: خلیجی خطے میں ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔ امریکی سینٹرل کمانڈ نے ایرانی جزیرہ قشم میں فوجی تنصیبات پر حملوں کا دعویٰ کیا ہے۔

سینٹرل کمانڈ کے بیان کے مطابق امریکی فورسز نے متعدد ایرانی بیلسٹک میزائل اور ڈرونز کو ناکام بنایا اور انہیں مار گرایا۔ بیان میں کہا گیا کہ ایران نے کچھ میزائل ہمسایہ ممالک کی طرف داغے، لیکن ہدف پر نہیں لگ سکے۔ کویت کی طرف داغے گئے دو میزائل راستے میں گر گئے، جس پر کویتی فوج نے فضا میں دفاعی نظام متحرک کر دیا۔ کویتی فضائی دفاع نے متعدد اہداف کو روکنے کی کارروائی میں حصہ لیا، جس کی تصدیق سرکاری خبر ایجنسی نے بھی کی ہے۔

امریکی فوج نے مزید دعویٰ کیا کہ ایران کی بندرگاہ کی جانب جانے والے ایک بحری جہاز کے انجن کو میزائل حملے میں نشانہ بنایا گیا، کیونکہ جہاز نے مبینہ طور پر امریکی انتباہی پیغامات کو نظر انداز کیا تھا۔

ایرانی پاسداران انقلاب نے اس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ امریکیوں نے جزیرہ قشم میں کمیونیکیشن ٹاور پر حملہ کیا، جس کے جواب میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا۔ ایرانی میڈیا کے مطابق پاسداران نے امریکی ففتھ فلیٹ ہیڈکوارٹر، ائیربیس اور ہیلی کاپٹروں کو نشانہ بنایا۔

ادھر امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے بحرین میں امریکی اڈے پر ایرانی حملے کے دعوے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ امریکی اور اتحادی افواج نے متعدد ایرانی بیلسٹک میزائل اور ڈرون حملے ناکام بنا دیے۔ سینٹ کام کے مطابق کویت کی جانب داغے گئے دو میزائل راستے میں تباہ کر دیے گئے، جبکہ بحرین کی طرف آنے والے تین میزائل امریکی اور بحرینی افواج نے فضا میں ہی مار گرائے۔

امریکی حکام نے دعویٰ کیا کہ قشم جزیرے پر ایرانی فوجی تنصیبات، کمانڈ اینڈ کنٹرول اسٹیشن اور ڈرون لانچنگ صلاحیتوں کو نشانہ بنایا گیا، اور ایرانی ڈرونز کو بھی تباہ کر دیا گیا۔ تاہم، شہری بحری اور فضائی آمدورفت کو محفوظ بتایا گیا ہے۔

Watch Live Public News