حکومت نے دکانوں اور بازاروں کے اوقات کار میں نرمی کر دی

حکومت نے دکانوں اور بازاروں کے اوقات کار میں نرمی کر دی
کیپشن: حکومت نے دکانوں اور بازاروں کے اوقات کار میں نرمی کر دی

ویب ڈیسک: حکومت نے توانائی بچت اور کفایت شعاری اقدامات کے تحت دکانوں، بازاروں اور کاروباری مراکز کے اوقات کار میں تبدیلی کا فیصلہ کر لیا ہے۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کفایت شعاری اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں متعلقہ کمیٹی نے ہدایت کی کہ صوبائی حکومتیں وفاقی حکومت سے قریبی رابطے میں رہتے ہوئے فیصلوں پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنائیں۔

اجلاس کے فیصلوں کے مطابق دکانیں، بازار، شاپنگ مالز اور دیگر کاروباری مراکز رات 9 بجے تک کھلے رہ سکیں گے۔ اسی طرح ریسٹورنٹس اور دیگر کھانے پینے کے مراکز کو رات 11 بجے تک کاروبار جاری رکھنے کی اجازت دی گئی ہے، جبکہ ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری سروسز کو ان اوقات سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔

فیصلے کے تحت شادی ہالز اور تقریبات کے مقامات رات 10 بجے تک کھلے رہیں گے۔ تاہم فارمیسیوں، اسپتالوں، پیٹرول پمپس، آئی ٹی اور ٹیلی کام سے وابستہ اداروں کو ان پابندیوں سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ حکومت کے دکانیں رات 8 بجے بند کرنے کے سابقہ فیصلے پر تاجروں، خصوصاً پنجاب کے کاروباری حلقوں نے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

تاجر رہنماؤں کا مؤقف تھا کہ شدید گرمی، بدلتے کاروباری رجحانات اور معاشی سست روی کے باعث شام اور رات کے اوقات میں خریداروں کی تعداد زیادہ ہوتی ہے، لہٰذا کاروباری اوقات میں کمی سے فروخت اور تجارتی سرگرمیاں متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ تاجروں نے حکومت سے فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ بھی کیا تھا۔

Watch Live Public News