ممنوعہ جزیرے میں داخل ہونے والا امریکی شہری بھارت میں گرفتار

ممنوعہ جزیرے میں داخل ہونے والا امریکی شہری بھارت میں گرفتار

ویب ڈیسک:  24 سالہ امریکی سیاح کو انڈیا میں اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ ایک دور دراز ایسے قبائلی علاقے میں داخل ہوا، جہاں کے باشندے بیرونی دنیا سے کوئی رابطہ نہیں رکھتے۔

پولیس کے مطابق، میخائلو وکٹیرووچ پولیاکوف، جن کے والد یوکرین سے ہیں، نے انڈمان جزائر کے حصے ’نارتھ سینٹینل آئی لینڈ‘ پر قدم رکھا تاکہ وہ الگ تھلگ زندگی گزارنے والے سینٹینلیز قبیلے سے رابطہ قائم کر سکیں۔

 انہوں نے جزیرے پر جانے کی ریکارڈنگ کی اور ایک کین کوک اور ایک ناریل ساحل پر ’تحفہ‘ کے طور پر چھوڑا۔

یہ انفلوئنسر، جو ایک یوٹیوب چینل چلاتے ہیں جس میں خطرناک سفروں کو دکھایا جاتا ہے اور اس سے قبل طالبان کے زیر کنٹرول افغانستان کا بھی دورہ کر چکے ہیں، ایک چھوٹی ربڑ کی کشتی میں نو گھنٹے سفر کر کے جزیرے پر پہنچے۔ انہوں نے دوربین کے ذریعے علاقے کا جائزہ لیا لیکن کوئی باشندہ نظر نہیں آیا۔

پولیس کے مطابق انہوں نے سیٹی بجا کر مقامی لوگوں کی توجہ حاصل کرنے کی کوشش کی اور چند منٹوں کے لیے ساحل پر اترے، پھر واپس چلے گئے۔ انہوں نے تحفے چھوڑے اور ریت کے نمونے اکٹھے کیے اور ویڈیو بنائی۔

وہ 27 مارچ کو دارالحکومت پورٹ بلیئر پہنچے اور تین دن بعد، اتوار کو، اس وقت گرفتار کر لیے گئے جب مقامی لوگوں نے پولیس کو ان کے نارتھ سینٹینل آئی لینڈ کی طرف کشتی لے جانے کی اطلاع دی۔

انڈمان اور نِکوبار، جو کہ کبھی ایک برطانوی کالونی تھا، 572 جزیروں پر مشتمل ہے اور یہ انڈین سرزمین سے 1200 کلومیٹر (700 میل) سے زیادہ دور واقع ہے۔ انڈین حکومت ان علاقوں میں داخلے کو سختی سے کنٹرول کرتی ہے کیونکہ یہاں پانچ معروف قبائل آباد ہیں، جن میں سے بعض بیرونی افراد کے لیے خطرناک سمجھے جاتے ہیں۔

یہ قبائل، جن میں سینٹینلیز، جاروا، اونگے، شومپین اور گریٹ انڈمانیز شامل ہیں، دنیا کی آخری الگ تھلگ برادریوں میں شمار ہوتے ہیں۔

دھالیوال نے بتایا کہ امریکی سیاح ’تقریباً پانچ منٹ کے لیے ساحل پر اترا، تحفے چھوڑے، ریت کے نمونے جمع کیے اور ایک ویڈیو بنائی، پھر اپنی کشتی میں واپس آ گیا۔
"اس کے گو پرو کیمرے کی ویڈیو سے معلوم ہوا کہ وہ نارتھ سینٹینل آئی لینڈ کے ممنوعہ علاقے میں داخل ہوا اور اترا۔‘

ان کے خلاف فارنرز ایکٹ 1946 کے تحت اور قبائلی یا ممنوعہ علاقے میں بغیر اجازت داخل ہونے کے جرم میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق، پولیاکوف ان جزیروں کا تیسری بار دورہ کر رہے تھے، انہوں نے گذشتہ سال دو بار دورہ کیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے وزارت داخلہ کو ان کی گرفتاری سے آگاہ کر دیا ہے اور امریکی سفارتخانے سے رابطہ میں ہیں۔

Watch Live Public News