والدین اپنے 10 سالہ بچے کو ایئرپورٹ پر چھوڑ کر دوسرے ملک چلے گئے، انوکھا واقعہ

والدین اپنے 10 سالہ بچے کو ایئرپورٹ پر چھوڑ کر دوسرے ملک چلے گئے، انوکھا واقعہ

ویب ڈیسک: سیر و سیاحت کے شوقین جوڑے نے اپنے 10 سالہ بیٹے کو ایئرپورٹ پرہی چھوڑ دیا، پیش آنے والے واقعہ نے سب کو حیران کردیا، جوڑا اپنے بیٹے کو چھوڑ کر طیارے میں سوار ہوگیا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق  اسپین کے شہر بارسلونا میں ایسا عجیب واقعہ سامنے آیا ہے، بارسلونا El Prat ائیرپورٹ میں ایک جوڑے کو جب علم ہوا کہ ان کے 10 سالہ بیٹے کا پاسپورٹ ایکسپائر ہوچکا ہے اور ویزا بھی نہیں، تو انہوں نے اسے ٹرمینل کے پبلک ایریا میں چھوڑنے اور اس کے بغیر بیرون ملک تعطیلات پر جانے کا فیصلہ کیا۔

فضائی کمپنی کی ایک عہدیدار للین نے اس بچے کو ائیرپورٹ پر تنہا دیکھا تو ٹک ٹاک پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جو وائرل ہوگئی، انہوں نے بتایا کہ وہ والدین کے فیصلے پر شاک رہ گئی تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بظاہر سب کچھ معمول کے مطابق لگ رہا تھا، مگر پھر انہوں نے بچے کو تنہا دیکھا، انہوں نے مزید بتایا کہ ائیرپورٹ کے عملے نے پولیس سے رابطہ کیا۔

پولیس افسران کو بچے سے بات کرتے ہوئے دیکھا جس نے بتایا کہ اس کے والدین طیارے پر سوار ہوکر تعطیلات کے لیے دوسرے ملک جا رہے ہیں، وہ طیارہ اس وقت تک رن وے پر تھا اور پرواز کرنے والا تھا۔

طیارے کے کیبن کریو کی مدد سے بچے کے والدین کو شناخت کیا گیا جو اپنے ایک اور بچے کے ساتھ طیارے پر موجود تھے۔

والدین کو طیارے سے نکال کر باہر بھیجا گیا اور انہوں نے پولیس کو بتایا کہ ہمارے بیٹے کا پاسپورٹ ایکسپائر ہوچکا تھا، اس کے پاس ایک اور پاسپورٹ بھی تھا مگر اس پر ویزا نہیں تھا، تو ہم نے بچے کو ٹرمینل پر چھوڑنے کا فیصلہ کیا اور ایک رشتے دار کو فون کیا کہ وہ اسے اپنے ساتھ لے جائے، جس کے بعد ہم طیارے پر سوار ہوگئے۔

والدین کے مطابق وہ اپنے ٹکٹوں کو ضائع نہیں کرنا چاہتے تھے۔

للین کے مطابق ائیر ٹریفک کو آرڈینیٹر کے طور پر انہوں نے کافی کچھ دیکھا ہے مگر یہ واقعہ بالکل ہی ہٹ کر ہے، ایسا کیسے ممکن ہے کہ والدین اپنے 10 سالہ بچے کو اس لیے ائیر پورٹ پر چھوڑ جائیں کیونکہ وہ سفری دستاویزات کے مسائل کے باعث سفر نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہا کہ والدین نے کسی رشتے دار کو کال کی مگر پھر سکون سے پرواز پر سوار ہوگئے اور بچے کو تنہا چھوڑ دیا، یہ واضح نہیں کہ والدین کے خلاف کسی قسم کی قانونی کارروائی کی جائے گی یا نہیں۔

Watch Live Public News