ویب ڈیسک: ملک بھر میں آٹھ محرم الحرام کے موقع پر عزاداری کے جلوس جاری ہیں، پشاور اور اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جب کہ جلوسوں کی نگرانی جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کی جا رہی ہے۔
پشاور میں آج آٹھ محرم کے سلسلے میں 18 چھوٹے بڑے ماتمی جلوس نکالے جا رہے ہیں۔ پولیس کے مطابق پہلا جلوس سہ پہر 3 بجے امام گاہ سید نجف علی شاہ سے برآمد ہوگا، جب کہ دوسرا بڑا جلوس شام 4 بجے حسینیہ ہال صدر سے نکلے گا۔ اس کے علاوہ رات 8 بجے جلوسِ شبیہ جھولا امام بارگاہ حسین محلہ مروی ہا سے برآمد ہو گا۔
جلوسوں کے راستوں پر سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری تعینات ہے۔ داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کا نظام فعال ہے، واک تھرو گیٹس، بم ڈسپوزل اسکواڈ، اور ڈرون کیمروں کے ذریعے جلوسوں کی مکمل نگرانی کی جا رہی ہے۔
ادھر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی آٹھ محرم کا مرکزی جلوس دوپہر ایک بجے جامعہ المرتضیٰ، جی نائن فور سے برآمد ہو گا، جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا جامعہ الصادق، جی نائن ٹو پر اختتام پذیر ہو گا۔
جلوس کے روٹ میں جی نائن ون، پولیس کوارٹرز، اور سروس روڈ شامل ہیں، جبکہ سیکیورٹی کے پیش نظر طفیل نیازی روڈ، خرم روڈ اور روہتاس روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ متبادل راستے استعمال کریں اور ٹریفک کی روانی میں مدد فراہم کریں۔ حساس مقامات پر پولیس، رینجرز اور رضاکاروں کی اضافی نفری تعینات ہے، جب کہ نگرانی کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے بھی فعال ہیں۔