ویب ڈیسک: سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے 9 اور 10 محرم الحرام کے دوران شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے جامع ٹریفک ایڈوائزری پلان جاری کر دیا ہے۔
چیف ٹریفک آفیسر ( سی ٹی او) لاہور ڈاکٹر اطہر وحید کے مطابق محرم کے ان دو ایام میں شہر بھر سے 600 سے زائد مجالس اور 117 ماتمی جلوس برآمد ہوں گے، جن کے لیے فول پروف ٹریفک انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یومِ عاشور کا مرکزی جلوس حسبِ روایت نثار حویلی سے برآمد ہو گا، جو قدیمی راستوں سے گزرتا ہوا کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہو گا۔ جلوس کے دوران ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کے لیے متبادل راستے تجویز کیے گئے ہیں اور سیکیورٹی اہلکاروں کی اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق دونوں ایام میں لاہور کے مختلف علاقوں سے 5 بڑے جلوس بھی برآمد ہوں گے، جن میں:
پانڈو سٹریٹ
خیمہ سادات
قصرِ بتول شادمان
نبی پور شیعاں (لال پل)
ماڈل ٹاؤن، چوہنگ اور ٹھوکر نیاز بیگ سے ذوالجناح کے جلوس شامل ہیں۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جلوس کے اوقات میں متبادل راستے اختیار کریں اور ٹریفک وارڈنز و سیکیورٹی اداروں سے تعاون کریں تاکہ ٹریفک کی روانی اور امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔