وزیراعظم کی آذربائیجان کے صدر سے ملاقات، اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق

وزیراعظم کی آذربائیجان کے صدر سے ملاقات، اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق
کیپشن: وزیراعظم کی آذربائیجان کے صدر سے ملاقات، اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے باکو کے دورے کے دوران آذربائیجان کے صدر الہام علییف سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا۔

تفصیلات کے مطابق یہ ملاقات اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوئی، جہاں وزیراعظم نے اجلاس کی شاندار میزبانی پر صدر علییف کو مبارکباد دی اور پاکستانی وفد کی پرتپاک میزبانی پر آذربائیجان کا شکریہ ادا کیا۔

بات چیت کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے موقع پر پاکستان کی حمایت کرنے پر آذربائیجان کے صدر اور عوام کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان نے ہر مشکل وقت میں آذربائیجان کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان جاری سرمایہ کاری کے منصوبوں پر اطمینان کا اظہار کیا گیا جبکہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے شعبوں میں روابط کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اقتصادی شراکت داری کو وسعت دینے اور مشترکہ سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے کے عزم کو دہرایا۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے صدر الہام علییف کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دوبارہ دعوت بھی دی، جس سے دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی امید ظاہر کی گئی۔

Watch Live Public News