مناسکِ حج کا آغاز: لاکھوں عازمین منیٰ کی جانب روانہ، عبادات کا روح پرور سفر شروع

مناسکِ حج کا آغاز: لاکھوں عازمین منیٰ کی جانب روانہ، عبادات کا روح پرور سفر شروع
کیپشن: مناسکِ حج کا آغاز: لاکھوں عازمین منیٰ کی جانب روانہ، عبادات کا روح پرور سفر شروع

ویب ڈیسک: سعودی عرب میں آج سے مناسکِ حج کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ دنیا بھر سے آئے لاکھوں عازمینِ حج آج ظہر سے پہلے منیٰ پہنچیں گے، جہاں وہ عبادات میں مشغول رہیں گے۔

عازمین حج اپنے رہائشی مقامات سے احرام باندھنے اور دو نفل ادا کرنے کے بعد منیٰ روانہ ہوں گے، جہاں وہ جمعرات کی صبح تک قیام کریں گے۔ اس دوران ظہر، عصر، مغرب اور عشاء کی نمازیں منیٰ میں ادا کی جائیں گی۔

9 ذوالحجہ کو حجاج کرام حج کے رکنِ اعظم، وقوف عرفہ کے لیے میدانِ عرفات کی طرف روانہ ہوں گے۔ یہاں حج کا خطبہ سننے کے بعد ظہر اور عصر کی نمازیں ادا کی جائیں گی۔ سورج غروب ہونے تک میدانِ عرفات میں قیام کے بعد حجاج کرام بغیر مغرب کی نماز پڑھے مزدلفہ کی طرف روانہ ہوں گے۔

مزدلفہ میں مغرب اور عشاء کی نمازیں ملا کر ادا کی جائیں گی۔ وہیں شیطان کو مارنے کے لیے کنکریاں جمع کی جائیں گی، اور حجاج کھلے آسمان تلے رات گزاریں گے۔

10 ذوالحجہ کو حجاج مزدلفہ سے واپس آ کر بڑے شیطان کو 7 کنکریاں ماریں گے، قربانی کریں گے، اور حلق یا قصر کے بعد احرام کھول دیں گے۔

11 ذوالحجہ کو تینوں شیطانوں (چھوٹے، درمیانے، بڑے) کو 7-7 کنکریاں ماری جائیں گی، جب کہ 12 ذوالحجہ کو بھی زوال کے بعد رمی کا عمل دہرایا جائے گا۔

13 ذوالحجہ کو رمی جمرات کے بعد حجاج کرام منیٰ سے واپسی اختیار کریں گے۔ اس دوران طوافِ زیارت اور صفا و مروہ کی سعی مکمل کر کے حج کے اہم مناسک کی تکمیل ہوگی۔

Watch Live Public News