ویب ڈیسک: امریکی سینٹرل کمانڈ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی افواج نے ایران میں تقریباً دو ہزار اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ بیان کے مطابق ان حملوں میں ایرانی عسکری تنصیبات کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا گیا۔
امریکی سنٹرل کمانڈ (سینٹ کام)کے مطابق کارروائیوں کے دوران ایران کی ایک آبدوز سمیت 17 بحری جہاز تباہ کیے گئے۔ مزید کہا گیا کہ خلیج عرب، آبنائے ہرمز اور خلیج عمان میں اس وقت کوئی فعال ایرانی بحری جہاز موجود نہیں۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ امریکی حملوں کے جواب میں ایران کی جانب سے تقریباً 500 بیلسٹک میزائل اور دو ہزار سے زائد ڈرون داغے گئے۔
اس سے قبل صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ایران کی فضائیہ، بحریہ اور عسکری قیادت کو شدید نقصان پہنچایا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران مذاکرات کی خواہش ظاہر کر رہا ہے، تاہم امریکا اپنے اہداف کے حصول تک کارروائیاں جاری رکھے گا۔
دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھی واضح کیا کہ امریکا ایران کے میزائل لانچنگ مقامات کو نشانہ بنا رہا ہے۔ ان کے مطابق ایران کے جوہری اور بیلسٹک میزائل پروگرام کو کمزور کرنا کارروائیوں کا بنیادی مقصد ہے۔
مارکو روبیو نے کہا کہ امریکا ایران کو کسی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا اور مقاصد کے حصول تک آپریشن جاری رہیں گے۔
تاحال ان دعوؤں پر ایران کی جانب سے باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔