شہیدآیت اللہ خامنہ ای کے صاحبزادےنئےسپریم لیڈرمقرر،اسرائیلی میڈیا کا دعویٰ

شہیدآیت اللہ خامنہ ای کے صاحبزادےنئےسپریم لیڈرمقرر،اسرائیلی میڈیا کا دعویٰ
کیپشن: شہیدآیت اللہ خامنہ ای کے صاحبزادےنئےسپریم لیڈرمقرر،اسرائیلی میڈیا کا دعویٰ

ویب ڈیسک: اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ آیت اللہ علی خامنہ ای کے صاحبزادے مجتبیٰ خامنہ ای کو ایران کا نیا سپریم لیڈر منتخب کر لیا گیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق ان کا انتخاب مجلسِ خبرگانِ رہبری کی جانب سے کیا گیا، تاہم ایرانی حکام نے اس دعوے کی تاحال تصدیق نہیں کی۔

میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ 88 رکنی مجلسِ خبرگانِ رہبری نئے سپریم لیڈر کے انتخاب کے عمل میں مصروف تھی اور یہ مرحلہ حتمی مراحل میں داخل ہو چکا تھا۔ یاد رہے کہ ایران کے آئین کے مطابق سپریم لیڈر کے تقرر کا اختیار مکمل طور پر اسی مجلس کے پاس ہوتا ہے، جسے انگریزی میں اسمبلی آف ایکسپرٹس کہا جاتا ہے۔

مجلس خبرگان رهبری 88 جید علمائے دین پر مشتمل ادارہ ہے، جن کا انتخاب ہر آٹھ سال بعد عوامی ووٹوں کے ذریعے کیا جاتا ہے۔ یہی مجلس سپریم لیڈر کے انتخاب، نگرانی اور ضرورت پڑنے پر برطرفی کا اختیار رکھتی ہے۔

اس سے قبل اسرائیلی ذرائع نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ قم میں واقع مجلس خبرگان کی عمارت کو امریکا اور اسرائیل کی جانب سے حملوں میں نشانہ بنایا گیا، تاہم عمارت کو پہلے ہی خالی کرا لیا گیا تھا جس کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

دوسری جانب ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ آیت اللہ علی خامنہ ای کی تدفین تہران میں بڑے تعزیتی اجتماعات کے بعد مشہد میں کی جائے گی۔ رپورٹس کے مطابق تعزیتی تقریبات تہران میں واقع امام خمینی ہال میں آج سے جمعے تک جاری رہیں گی، تاہم تدفین کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

تاحال ایرانی سرکاری ذرائع کی جانب سے سپریم لیڈر کے انتخاب یا دیگر دعوؤں کی باضابطہ توثیق سامنے نہیں آئی ہے۔

Watch Live Public News