ویب ڈیسک: امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں امریکی سفارتی دفاتر براہِ راست حملوں کی زد میں آ چکے ہیں اور امریکی شہریوں کے انخلا کی کارروائیاں جاری ہیں۔
واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ دبئی میں امریکی قونصل خانے سے ملحقہ پارکنگ ایریا میں ڈرون حملہ ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی حکومت متاثرہ عملے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کر رہی ہے۔
مارکو روبیو نے واضح کیا کہ امریکا ایران کو کسی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ امریکی مقاصد کے حصول تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکی فوجیوں اور شہریوں کی سکیورٹی اولین ترجیح ہے، تاہم خطے میں فضائی حدود کی بندش انخلا کے عمل میں چیلنج بن رہی ہے۔ وزیر خارجہ نے مشرقِ وسطیٰ میں موجود امریکی شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ قریبی امریکی سفارت خانوں اور قونصل خانوں سے رابطے میں رہیں۔
مارکو روبیو کے مطابق جنگ کے آغاز سے اب تک تقریباً 9 ہزار امریکی شہری خطے سے نکل چکے ہیں، جبکہ انخلا کا عمل بدستور جاری ہے۔