ویب ڈیسک: افغان طالبان کی بلا اشتعال جارحیت کے خلاف پاکستان بھرپور زمینی اور فضائی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
معروف امریکی جریدے نیویارک ٹائمز نے بھی آپریشن غضب للحق میں پاکستان کی بڑی کامیابی کی تصدیق کردی۔
نیویارک ٹائمز کے مطابق پاکستان نے افغانستان کے اہم ترین بگرام ایئربیس کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ پاکستانی حملے میں بگرام ایئربیس کا ایک ایئرکرافٹ ہینگر، 2ویئر ہاؤس تباہ ہوئے۔ جن کی سیٹلائٹ تصاویر بھی سامنے آگئیں۔
افغانستان کی وزارت دفاع نے بھی پاکستانی فضائی حملے کی تصدیق کردی۔ پاکستان نے گزشتہ ایک ہفتے میں افغانستان کے فوجی اہداف پر50سے زائد فضائی حملے کئے ہیں۔ افغانستان میں فتنہ الخوارج کی موجودگی کے شواہد اقوامِ متحدہ کی رپورٹس میں بارہا پیش کیے جا چکے ہیں۔
دفاعی ماہرین کے مطابق بگرام ایئربیس پر پاکستان کی کامیاب کارروائی نے افغان طالبان رجیم کو بھاری نقصان پہنچایا ہے۔ بگرام ایئربیس کو نشانہ بناکر پاکستان نے افغان طالبان رجیم کو واضح پیغام دیا کہ وہ افغانستان میں کہیں بھی کارروائی کرسکتا ہے۔
پاکستان کی بارہا تنبیہ کے باوجود افغانستان سے مسلسل دہشت گردی جاری ہے جس میں امریکی چھوڑا گیا اسلحہ بھی استعمال ہوتا رہا ہے۔