(ویب ڈیسک ) وزیر اعظم شہباز شریف نے لبنانی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف اور لبنان کے وزیراعظم نواف سلام کے درمیان آج ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔اپنی گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے لبنان کے خلاف اسرائیل کی جارحیت کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی۔
انہوں نے اسرائیلی حملوں سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور لبنانی عوام کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کا اعادہ کیا۔
پاکستان اور لبنان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو یاد کرتے ہوئے وزیر اعظم نے لبنانی قیادت کو لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا یقین دلایا اور امن کی کوششوں میں تعمیری کردار ادا کرنے کی پیشکش کی۔
دونوں رہنماؤں نے ایران پر اسرائیل کے حملوں اور برادر خلیجی ممالک پر جوابی حملوں کے بعد خطے میں حالیہ کشیدگی پر بھی تبادلہء خیال کیا۔ انہوں نے جلد از جلد خطے میں کشیدگی کو کم کرنے اور امن کی بحالی کی ضرورت پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم نواف سلام نے اس مشکل وقت میں لبنان کے ساتھ اظہار یکجہتی پر وزیراعظم اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا۔