ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا اسمبلی نے پیر کو کے پی ایجوکیشنل ٹیسٹنگ اینڈ ایولویشن ایجنسی (ایٹا) بل 2026 منظور کرلیا ہے۔
اس بل کے تحت ایٹا کو مالی اور انتظامی خود مختاری فراہم کی گئی ہے اور اس کے دائرہ اختیار کو دیگر صوبوں اور وفاق تک بڑھانے کی تجویز دی گئی ہے۔ بل کے مطابق بورڈ آف گورنرز کی سربراہی وزیر اعلیٰ کریں گے۔ بھرتیوں اور داخلوں میں مکمل شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جائے گا۔ ایٹا کو نقل اور غیر قانونی ذرائع استعمال کرنے والوں کو سخت سزا دینے کا اختیار ہوگا۔ ایٹا کسی بھی سرکاری یا نجی مقام کو امتحانی مرکز بنانے کا مجاز ہوگا۔
بل کے متن کے مطابق، ایٹا کے لیے ایک انڈوومنٹ فنڈ قائم کیا جائے گا اور یہ پروفیشنل کالجز اور یونیورسٹیز کے لیے انٹری ٹیسٹ منعقد کرے گی۔ اس کے علاوہ ایٹا سرکاری اور نجی اداروں کے لیے اسکریننگ اور بھرتی کے ٹیسٹ بھی منعقد کرے گی۔
ایٹا وفاقی و صوبائی حکومتوں اور نجی اداروں کے لیے ٹیسٹ لینے، تعلیمی جانچ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور طلبہ میں تحقیق و سیکھنے کے رجحان کو فروغ دینے کے اقدامات کرے گی۔ ایٹا ٹیسٹنگ کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے تربیت اور تحقیق فراہم کرے گی اور حکومت نوٹیفکیشن کے ذریعے ایٹا کو مزید ذمہ داریاں سونپ سکے گی۔ اس کے علاوہ ایٹا سرکاری و غیر سرکاری اداروں کے ساتھ معاہدے اور اشتراک بھی کر سکے گی۔
نئے قانون کے تحت سالانہ آڈٹ رپورٹ اسمبلی میں پیش کرنا لازمی ہوگا، اور یہ 2001 کے پرانے آرڈیننس کی جگہ لے گا۔