ویب ڈیسک: پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان تین ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز آج سے فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں شروع ہو رہی ہے، جہاں قومی ٹیم کے اسٹار بلے باز بابر اعظم کئی عالمی لیجنڈز کے ریکارڈ توڑنے کے قریب ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیم ٹیسٹ سیریز برابر کرنے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز دو ایک سے جیتنے کے بعد بھرپور اعتماد کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ ٹیم مینجمنٹ اور شائقین کو خاص طور پر بابر اعظم سے بڑی توقعات ہیں۔ جنہوں نے آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں 68 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر فارم میں واپسی کے اشارے دیے تھے۔
بابر اعظم نے اب تک 134 میچوں کی 131 اننگز میں 19 سنچریاں اسکور کی ہیں۔ اگر وہ پہلے ون ڈے میں سنچری بنانے میں کامیاب رہتے ہیں تو وہ لیجنڈری بلے باز سعید انور کے برابر آ جائیں گے، جنہوں نے 247 میچز میں 20 سنچریاں اسکور کی تھیں۔ سعید انور کا یہ ملکی ریکارڈ گزشتہ 22 سال سے قائم ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ بابر اعظم سنچری اسکور کرکے نہ صرف سعید انور کے برابر آئیں گے بلکہ وہ عالمی سطح پر عظیم کھلاڑیوں برائن لارا، مہیلا جے وردھنے اور جو روٹ کو بھی پیچھے چھوڑ دیں گے۔
اگر بابر سنچری بنانے میں ناکام رہتے ہیں لیکن نصف سنچری اسکور کرتے ہیں تو یہ ان کے کیریئر کی 57ویں ففٹی پلس اننگ ہوگی، جس کے ساتھ وہ ویسٹ انڈیز کے لیجنڈ سر ویون رچرڈز کو پیچھے چھوڑ دیں گے، جبکہ وہ جنوبی افریقا کے سابق کپتان گریم اسمتھ، نیوزی لینڈ کے اسٹیفن فلیمنگ، ناتھن ایسٹل اور مارٹن گپٹل کے برابر آ جائیں گے۔
سیریز کے تینوں میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے، جو بالترتیب 4، 6 اور 8 نومبر کو فیصل آباد میں کھیلے جائیں گے۔
ماہرین کی رائے:
اسپورٹس تجزیہ کاروں کے مطابق یہ سیریز بابر اعظم کے کیریئر کا ایک اہم موڑ ثابت ہو سکتی ہے۔ اگر وہ یہاں رنز بنانے میں کامیاب رہتے ہیں تو نہ صرف کئی عالمی ریکارڈ ان کے نام ہو سکتے ہیں بلکہ ان کی آئی سی سی رینکنگ بھی دوبارہ بلندیوں کی جانب گامزن ہو گی۔