وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری

وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری
کیپشن: وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری

ویب ڈیسک:اسلحہ شراب برآمدگی کیس میں عدالت نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواعلی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے۔

تفصیلا ت کے مطابق علی امین گنڈاپور کے خلاف اسلحہ شراب برآمدگی کیس کی سماعت سول جج شائستہ خان کنڈی  نے کی۔ علی امین گنڈاپور کے وکیل ظہور الحسن راجہ عدالت پیش  ہوئے۔

 جج شائستہ کنڈی نے ریمارکس دیئے کہ ملزم کہاں ہے صبح سے تین مرتبہ کیس کال ہوا وہ پیش نہیں ہوئے۔

معاون وکیل فتح اللہ برکی نے کہا کہ پشاور میں سیلاب کی صورتحال ہے۔

جج شائستہ کنڈی نے ریمارکس دیئے کہ کیا آپ کو پتہ ہے کہ گزشتہ تاریخ پر وکیل صاحب کو کہا تھا کہ آپ کے یہ معاملات چلتے رہیں گے۔

جج شائستہ کنڈی نے وکیل ظہور الحسن سے استفسار  کیا کہ آپ کا انڈر ٹیکنگ کیا تھا یاد ہے نہ آپ کو۔

وکیل ظہور الحسن ایڈوکیٹ نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کی میڈیکل رپورٹ جمع کروائیں گے طبعیت ناساز ہے۔

جج شائستہ کنڈی نے ریمارکس دیئے کہ آپ کے وکیل نے کہا سیلاب کا مسئلہ ہے آپ کہہ رہیں ہیں طبعیت ناساز ہے،آپ کو میں نے پچھلی مرتبہ بھی ریلیف دیا آپ نے کہا لمبی تاریخ دیں میں نے دی ۔

ظہور الحسن ایڈوکیٹ  نے کہا کہ 5 کیسز تھے ابھی فری ہو کر عدالت پیش ہوا ہوں،ہماری بریت کی درخواست التواء میں ہے۔

جج نے ریمارکس دیئے کہ سپریم کورٹ کی ججمنٹ ہے کیس آخری مراحل میں ہو تو بریت کی طرف جانا نہیں میرٹ پر فیصلہ کیا جائے،آٹھویں مرتبہ 342 کا بیان ریکارڈ نہیں ہوا پھر کہتے ہیں فئیر ٹرائل کا حق نہیں ملتا۔ 

وکیل نے کہا کہ یہ ذیادتی ہے ملزم ایک صوبے کے چیف منسٹر ہیں،میں موجود ہوں آپ اس کے باوجود سخت آرڈر کر رہی ہیں۔

جج شائستہ کنڈی نے ریمار کس دیئے کہ اگر کیس میں کچھ نہیں تو بہادر بنیں عدالت کا سامنا کریں۔

عدالت نےعلی امین گنڈاپور کی طبعی بنیادوں پر حاضری معافی کی درخواست مسترد کر دی۔ عدالت نے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے۔

عدالت نے ایس ایچ او تھانہ بھارہ کہو کو کل علی امین گنڈاپور کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے میڈیا نمائندگان کو کمرہ عدالت سے باہر نکال دیا۔

عدالت نے کیس کی سماعت کل تک کے لیے ملتوی کر دی۔

Watch Live Public News