(ویب ڈیسک ) الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پنجاب میں ضمنی انتخابات ملتوی کردیے گئے۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے 9 حلقوں میں ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کر رکھا تھا۔
الیکشن کمیشن کے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق قومی اسمبلی کے 5 اور پنجاب اسمبلی کے 4 حلقوں میں ضمنی انتخابات مؤخر کردیے گئے ہیں ۔
قومی اسمبلی حلقہ این اے 66 وزیرآباد ، این اے 96 اور این اے 104 فیصل آباد میں ضمنی الیکشن ملتوی کردیا گیا۔اسی طرح این اے 129 لاہور اور این اے 143 ساہیوال کے انتخابات بھی مؤخر کردیے گئے ہیں ۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 73 سرگودھا ،پی پی 87 میانوالی، پی پی 98 فیصل آباد اور پی پی 203 ساہیوال کے انتخابات مؤخر کردیے گئے ہیں ۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پنجاب میں غیر معمولی سیلاب کے باعث مواصلاتی نظام شدید متاثر، سڑکیں اور پل بہہ گئے،سیلاب سے سرکاری و نجی عمارتیں، اسکول اور پولنگ اسٹیشنز کا انفراسٹرکچر متاثر ہوا ہے۔
ای سی پی کا کہنا ہے کہ ریلیف اور ریسکیو آپریشن میں مصروف عملہ انتخابی فرائض سرانجام نہیں دے سکتا۔ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران نے پولنگ اسٹاف کی عدم دستیابی کی نشاندہی کر دی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب حکومت نے سیلاب کی صورتحال کے باعث ضمنی الیکشن مؤخر کرنے کی سفارش کی۔متاثرہ علاقوں کے ووٹرز کی نقل مکانی، ووٹ ڈالنے کے عمل میں شرکت ممکن نہیں۔سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں کم ٹرن آؤٹ اور ووٹرز کی محرومی کا خدشہ ہے۔ سیلاب کے اثرات پر پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کی رپورٹس کا حوالہ دیا گیا۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ حالات نارمل ہونے پر انتخابات دوبارہ شیڈول کیے جائیں گے۔