(ویب ڈیسک ) پاک فوج نے بلوچستان میں مختلف کارروائیاں کیں جس میں فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے 36 دہشتگرد جہنم واصل کردیے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کی بلوچستان میں فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کیخلاف انسداد دہشتگردی کے تحت موثر اور بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے ضلع مستونگ، کوئٹہ، قلات اور سبی میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر متعدد کارروائیاں کیں۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ان بھرپور کارروائیوں میں ہندوستانی پراکسیز، فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 36 دہشتگر د جہنم واصل ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 04 ستمبر 2026 کو مستونگ میں آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے 6بھارتی سپانسرڈ دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔جہنم واصل ہونے والے دہشتگردوں کے قبضے سے برآمد گولہ بارود کے ذخیرے اور دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلات کو موقع پر ہی تباہ کر دیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع کوئٹہ کے علاقہ شعبان میں کیا گیا جس میں فتنہ الخوارج کے 4 ٹھکانوں کو کامیابی سے نشانہ بناتے ہوئے 26 خوارج کو جہنم واصل کیا گیا۔قلات میں کئے گئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا اور 2 ہندوستانی سپانسر ڈ ہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔ضلع سبی کے علاقے بھاگ میں سیکیورٹی فورسز نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے 2 بھارتی سپانسر دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 48 سے 72 گھنٹوں میں بلوچستان بھر میں بھارتی پراکسی، فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 48 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔ جبکہ 2026 میں آپریشنز کے دوران 1188 سے زائد دہشتگردوں کوبلوچستان میں جہنم واصل کیا جا چکا ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے عزم استحکام وژن کے تحت انسداد دہشتگردی کے آپریشنز آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رہیں گے۔