یوم استحصال کشمیر:پاک فوج کے سروسز چیفس کا کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی

یوم استحصال کشمیر:پاک فوج کے سروسز چیفس کا کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی
کیپشن: یوم استحصال کشمیر:پاک فوج کے سروسز چیفس کا کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی

ویب ڈیسک: بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی آئینی اور قانونی حیثیت یکطرفہ طور پر تبدیل کرنے کے غیرقانونی اقدام کو چھ سال گزر چکے ہیں، جس کے خلاف آج دنیا بھر میں مقیم کشمیری اور پاکستانی یومِ استحصال کشمیر کے طور پر اس دن کو منا رہے ہیں۔

اس موقع پر بھارت کے مکروہ عزائم کو بے نقاب کرنے اور مظلوم کشمیری عوام سے یکجہتی کے اظہار کے لیے پاکستان سمیت کئی ممالک میں ریلیوں، سیمینارز اور تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ افواجِ پاکستان کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی جدوجہد کی غیرمتزلزل حمایت جاری رکھیں گی۔ مسلح افواج، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی سمیت پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کی اعلیٰ قیادت نے بھی کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور ان کی جدوجہدِ آزادی کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کشمیریوں کی جدوجہد نہ صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں بلکہ بین الاقوامی قوانین کے بھی عین مطابق ہے، جبکہ بھارتی قابض افواج کا کشمیر میں جبری قبضہ بین الاقوامی اصولوں کی واضح خلاف ورزی ہے۔

آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارتی حکومت آبادیاتی تناسب تبدیل کرنے کے اقدامات کے ذریعے نہ صرف عالمی قوانین کو پامال کر رہی ہے بلکہ خطے کے امن کو بھی سنگین خطرات لاحق ہو رہے ہیں۔ بھارت کی اشتعال انگیز پالیسیاں انسانی بحران کو مزید طول دینے کا سبب بن رہی ہیں۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ جنوبی ایشیا کے پائیدار امن کا قیام اس وقت تک ممکن نہیں جب تک جموں و کشمیر کا دیرینہ تنازع کشمیری عوام کی خواہشات اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق منصفانہ اور پرُامن طریقے سے حل نہیں ہو جاتا۔ آئی ایس پی آر نے شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج کشمیریوں کی جائز جدوجہدِ آزادی میں ہمیشہ ان کے شانہ بشانہ رہیں گی۔

Watch Live Public News