مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال سنگین ہے: صدر اور وزیراعظم

مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال سنگین ہے: صدر اور وزیراعظم
کیپشن: مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال سنگین ہے: صدر اور وزیراعظم

ویب ڈیسک:  یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر صدر مملکت اور وزیراعظم پاکستان نے اپنے اپنے پیغامات جاری کر دیئے۔

تفصیلات کے مطابق صدرمملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال سنگین ہے، بھارت کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق اور آزادیوں سے محروم کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیری عوام کو شدید ریاستی جبر اور تشدد کا نشانہ بنا رہا ہے، اقوام متحدہ کشمیریوں سے 77 سال قبل کئے وعدوں کا احترام کرے، پاکستان ہمیشہ اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔

وزیراعظم

دوسری جانب اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حق خود ارادیت عالمی قانون کا ایک بنیادی اصول ہے، کشمیری خوف اور دہشت کے ماحول میں جی رہے ہیں، دیرینہ تنازعات کو مزید طول نہیں دیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ مقامی لوگوں کی حقیقی امنگوں کو دبا کر دیرپا امن حاصل نہیں کیا جا سکتا، جموں و کشمیر کا تنازعہ ہماری خارجہ پالیسی کا ایک اہم ستون رہے گا، جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے مفاد میں عالمی برادری کو بھارت پر زور دینا چاہیے کہ وہ کشمیری عوام کو آزادانہ طور پر اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کی اجازت دے۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ میں اس موقع پر بہادر کشمیری عوام کے عزم اور حوصلے کو سلام پیش کرتا ہوں، جو اپنے بنیادی حقوق اور آزادیوں کے حصول کیلئے اپنی جدوجہد میں لاتعداد قربانیاں دے رہے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ نہتے کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے، پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کے جائز حقوق کی جدوجہد کی ہر فورم پر حمایت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کا غیر قانونی قبضہ کشمیری عوام کی آزادی کے راستے میں رکاوٹ ہے، پاکستان اقوام متحدہ کے ذریعے کشمیر کے مسئلے کا حل چاہتا ہے، پاکستانی حکومت اور عوام کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے، پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کی آواز بن کر ان کی جدو جہد کا حصہ رہے گا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا حق حاصل ہے، کشمیر کا مسئلہ صرف کشمیریوں کا مسئلہ نہیں بلکہ پورے خطے کا مسئلہ ہے، مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر علاقے میں پائیدار امن کا خواب حقیقت میں نہیں بدل سکتا۔

کشمیری عوام آزادی کا سورج جلد دیکھیں گے: مریم نواز شریف
 یومِ یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہر پاکستانی کے دل میں کشمیر کی محبت لہو بن کر دوڑتی ہے، جانوں کا نذرانہ دے کر حقِ خودارادیت کی شمع روشن رکھنے والے کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ سلام ان کشمیری بہن بھائیوں کو جو سات دہائیوں سے بھارتی سفاکیت کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں، بھارتی بربریت نے جنت نظیر وادی کو جیل بنا دیا ہے، اقوام متحدہ اور دیگر عالمی ادارے کشمیر میں جاری خونریزی اور انسانی حقوق کی پامال کے خلاف اپنا کردار ادا کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب تک مسئلہ کشمیر اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نہیں ہوتا، پائیدار امن ایک خواب ہی رہے گا، تاریخ گواہ ہے کہ ظلم کبھی زیادہ دیر نہیں ٹھہرتا، کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت ہر محاذ پر جاری رکھے گا، ہر عالمی فورم پر کشمیری عوام کے حق میں آواز بلند کرتے رہیں گے، کشمیری عوام آزادی کا سورج جلد دیکھیں گے۔

آزادی کی جدوجہد میں کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں: علی امین گنڈاپور

یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے عوام اورحکومت کشمیری عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، آزادی کشمیر کے عوام کا بنیادی حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم آزادی کی جدوجہد میں کشمیری عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں، ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کی اخلاقی، سفارتی ،سیاسی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں کو چاہئے کشمیری عوام پر بھارتی ظلم و ستم کا نوٹس لیں۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ خطے کا امن مسئلہ کشمیر کے حل سے وابستہ ہے، اس کے بغیر خطے میں دیرپا امن کا قیام ممکن ہی نہیں، کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے کیلئے بھارت آئے روز نئے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔

کشمیری ڈرپوک نہیں نڈر قوم ہے، کبھی نہیں جھکے گی: مشعال ملک

یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کا سب سے بڑا ہتھیار شہدا کا خون ہے، شہداء کی قربانی ہمیں توانائی دیتی ہے کہ ہم حق اور سچ کیلئے کھڑے رہیں۔

انہوں نے کہا کہ حریت رہنماؤں کو بھارت قتل کر رہا ہے، نوجوانوں ،بزرگوں کو جیلوں ڈالا جا رہا ہے۔

مشعال ملک کا کہنا تھا کہ بھارت کا دہشت گردی کا نیٹ ورک پوری دنیا میں پھیل چکا ہے، حال ہی میں میری والدہ کو بھارت نے اپنے دہشت گرد نیٹ ورک کے ذریعے سلو پوائزنگ سے شہید کروایا۔

عالمی برادری بھارت کے کشمیر پر غاصبانہ تسلط کا نوٹس لے: مولانا فضل الرحمان

جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی قرارداد پر عملدرآمد میں بھارت کا منفی رویہ اور ہٹ دھرمی رکاوٹ ہے، اقوام متحدہ کشمیر میں استصواب رائے کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سات دہائیاں گزرنے کے باوجود اقوام متحدہ کی جانب سے 1948 اور 1949 کی قراردادوں پر عملدرآمد کیلئے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کئے گئے، بھارت کے کشمیر پر غاصبانہ تسلط کا عالمی برادری نوٹس لے۔ ہمارے حکمرانوں نے کشمیریوں کے خون اور ناموس کو اپنی سیاست کے لئے استعمال کیا ہے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ 5 فروری ظلم کے خلاف جدوجہد، حق کی حمایت اور آزادی کی تحریک کا دن ہے، انصاف کے نام پر بنی اقوام متحدہ کشمیر کیلئے کب حرکت میں آئے گی؟ کشمیر کے شہیدوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، بھارت کے مظالم تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے، عالمی طاقتیں بھارتی ظلم پر کب بولیں گی؟

Watch Live Public News