آئی سی سی کے دوہرے معیار پر سابق انگلش کپتان ناصر حسین کی کڑی تنقید

آئی سی سی کے دوہرے معیار پر سابق انگلش کپتان ناصر حسین کی کڑی تنقید
کیپشن: آئی سی سی کے دوہرے معیار پر سابق انگلش کپتان ناصر حسین کی کڑی تنقید

ویب ڈیسک: انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ناصر حسین نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) کے مبینہ دوہرے معیار پر کھل کر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی کرکٹ میں تمام ممالک کے ساتھ یکساں سلوک ہونا چاہیے۔

ناصر حسین نے سوال اٹھایا کہ اگر بنگلا دیش کی جگہ بھارت وینیو تبدیل کرنے کا مطالبہ کرتا تو آئی سی سی کا ردِعمل کیا ہوتا؟ کیا ایسی صورت میں آئی سی سی بھارت کو بھی ایونٹ سے باہر کر دیتا؟ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی کو بنگلا دیش اور پاکستان کے ساتھ بھی وہی رویہ اختیار کرنا چاہیے جو بھارت کے ساتھ رکھا جاتا ہے۔

سابق انگلش کپتان کا کہنا تھا کہ بنگلا دیش اپنے مؤقف پر قائم رہا اور اس نے اپنے کھلاڑی کے لیے ڈٹ کر موقف اپنایا، جبکہ پاکستان نے بنگلا دیش کی حمایت کر کے مثبت اور درست قدم اٹھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی نہ کسی کو کھڑے ہو کر یہ کہنا ہوگا کہ کرکٹ میں سیاست بہت ہو چکی، اب کھیل کو کھیل ہی رہنے دیا جائے۔

ناصر حسین نے مزید کہا کہ بھارت نے سیاسی دباؤ کے باعث اچانک مستفیض کو ایونٹ سے باہر کر دیا، جس سے یہ تاثر مضبوط ہوا کہ کرکٹ میں سیاست داخل ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کبھی ہاتھ نہ ملانا، کبھی ٹرافی نہ لینا کھیل کی روح کے منافی ہے۔ اگر پاکستان اور بنگلا دیش جیسے ممالک پر دباؤ ڈالا جاتا رہا تو عالمی کرکٹ کو شدید نقصان پہنچے گا۔

ناصر حسین نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان متعدد پابندیوں اور مشکلات کے باوجود شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتا آ رہا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ کرکٹ کو سیاسی دباؤ سے آزاد رکھنا ناگزیر ہے۔

Watch Live Public News