ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ ملک بھر میں بارشوں کا نیا سپیل جاری ہے، پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا بھی امکان ہے جبکہ چھانگلہ گلی اور ٹھنڈیانی میں 2 فٹ سے زیادہ برف پڑ چکی ہے۔
تفصیلا ت کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہناہےکہ اسلام آباد میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ پنجاب کے مختلف علاقوں، بشمول راولپنڈی، چکوال، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، شیخوپورہ، اوکاڑہ، فیصل آباد، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی بارش متوقع ہے۔
خیبرپختونخوا اور شمالی علاقہ جات:
گلگت بلتستان، کشمیر، مری، گلیات اور خطہ پوٹھوہار میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ بالائی خیبرپختونخوا میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔
گلیات میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہا، چھانگلہ گلی اور ٹھنڈیانی میں 2 فٹ سے زیادہ برف پڑ چکی۔ملکہ کوہسار مری میں برفباری کا سلسلہ تھم گیا، ایک فٹ تک برف باری ریکارڈ کی گئی، آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور برفباری ہوئی، لیپا شاہراہ سمیت متعدد بالائی علاقوں کی سڑکیں بند رہیں۔
بالائی اور وسطی پنجاب، خیبرپختونخوا، اسلام آباد اور گلگت بلتستان میں بارش ہوئی، لہہ میں پارہ منفی 7، کالام، کوئٹہ، زیارت میں منفی 4 رہا، مالم جبہ، مری میں منفی 3، استور اور پارا چنار میں منفی 2 ریکارڈ کیا گیا۔
آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہے گا، میدانی علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
بلوچستان:
شمالی بلوچستان میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
مجموعی صورتحال:
ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم بالائی علاقوں میں سردی برقرار رہے گی۔ میدانی علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں گزشتہ شب سے شمال مشرقی سمت سے خشک ہوائیں چل رہی ہیں، جس کے باعث موسم میں خنکی بڑھ گئی ہے، اس وقت شہر میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود، موسم سرد اور خشک ہے۔
موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ آج شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 17 سے 19 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔
اس کے علاوہ شہر قائد میں ہوا کی رفتار شمال مشرقی سمت سے 7 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 22 فیصد ہے۔
ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) کے مطابق کراچی کا فضائی معیار بھی بدستور خراب ہے، کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں گیارہویں نمبر پر موجود ہے جبکہ ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 152 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے۔
ماہرین صحت نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر باہر نکلنے اور ماسک کے استعمال کی ہدایت دی ہے۔